حکومت کیخلاف تحریک پیپلز پارٹی ہی چلا سکتی ہے بلاول

قوم خود دیکھ لے گی اپوزیشن کون ہے اور امپائر کے سہارے سیاست کون کرتا ہے


News Agencies/Numainda Express January 23, 2017
بلاول نے پارٹی کے بانی کارکن روزی خان کے انتقال پراظہارتعزیت کیا ہے۔ فوٹو: آن لائن/فائل

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور غربت کیخلاف جدوجہد ہماری سیاسی تاریخ ہے، پنجاب کے عوام کو پیپلز پارٹی کا ساتھ دینا ہو گا ہم حکومت نہیں جمہوریت کیلیے جدوجہد کرتے رہے مگر سوشل میڈیا کے لیڈر ہمیں مک مکا کا طعنہ دیتے رہے اور اپنی سیاسی دکانداری چلاتے رہے ہم پنجاب میں گھر گھر، گاؤں گاؤں، شہر شہر، نگر نگرجائیں گے۔

پارٹی وفد سے ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قوم خود دیکھ لے گی اپوزیشن کون ہے اور امپائر کی انگلیوں کے سہارے کون سیاست کرتا ہے۔ حکومت کیخلاف تحریک پیپلز پارٹی ہی چلا سکتی ہے کیونکہ ہمارے کارکن قربانی دینا جانتے ہیں۔ کرپشن کے بے تاج بادشاہ کے حواری عدالتوں کے باہر پریس کانفرنس کر کے سیاست میں عدم برداشت کے رویے کو فروغ دے کر وزارتوں کیلیے سر توڑ کوششوں میں مصروف ہیں۔

علاوہ ازیں بلاول نے احمد ریاض شیخ کے صاحبزادے باسط ریاض شیخ کی دعوت ولیمہ میں شرکت کی۔ بلاول نے پارٹی کے بانی کارکن روزی خان کے انتقال پراظہارتعزیت کیا ہے۔

 

مقبول خبریں