بلوچستان بارشوں سے معمولات زندگی متاثر

بلوچستان میں مختلف حادثات میں خاتون سمیت 6افراد جاں بحق ،10زخمی ہوگئے۔


Editorial January 25, 2017
بلوچستان میں مختلف حادثات میں خاتون سمیت 6افراد جاں بحق ،10زخمی ہوگئے ۔ فوٹو فائل

ملک کے بالائی علاقوں اور کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان میں برفباری اور بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا، کہیں یخ ٹھنڈے موسم نے بہتی آبشاروں کو جمادیا تو کہیں ندی نالوں میں طغیانی آگئی، بلوچستان میں مختلف حادثات میں خاتون سمیت 6افراد جاں بحق ،10زخمی ہوگئے، مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش اور ہلکی برفباری کے نئے سلسلے کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، بارشوں اور طغیانی کے نئے سلسلوں سے اس بات کی تصدیق ہوجاتی ہے کہ عالمی موسمیاتی تبدیلیوں کی زد میں بلوچستان سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہر اور دیہی و دور افتادہ علاقے ہیں، جہاں پہاڑوں پر برف کی چادر تنی ہے، ادھر آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر بھی دوبارہ برف پڑنے لگی، وادی ہنزہ میں موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی۔

کوئٹہ سمیت صوبے کے شمالی علاقوں اور مختلف اضلاع میں برفباری اور بارش کا دوسرا سلسلہ شروع ہوگیا جب کہ بارش سے نشیبی علاقے زیر آب اور ندی نالوں میں طغیانی آگئی، قلعہ عبداللہ میں طوفانی بارشوں کے پیش نظر لیویز اور ایف سی کو ہائی الرٹ کردیا گیا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان، وادی استور، دیامر ، غذر ، دوسری جانب اسلام آباد اور راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ جب کہ واسا عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں، محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ ، کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا کے بیشتر مقامات پر حالیہ بارش اور برفباری کا سلسلہ جمعرات تک جاری رہے گا، بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا کے کئی علاقوں میں بھی بارش اور برفباری ہوئی ۔ سیلابی راستوں ، دریاؤں ندی نالوں کے پشتوں کی مضبوطی پر توجہ دی جائے اور ریسکیو آپریشنزکے لیے مکمل تیاریاں یقینی بنائی جائیں اور متاثرین کی بھالی یا خطرے سے دوچار علاقوں کے مکینوں کی بحفاظت منتقلی کا شفاف میکنزم وضع ہونا چاہیے ، بلوچستان میں صوبائی انتظامیہ بارش اور سردی سے بچاؤں کے لیے دور دراز علاقوں میں سروے ٹیمیں اور ڈاکٹرز بھیجے اور وہاں بچوں کے لیے دودھ جب کہ دیگر متاثرین کے لیے خوراک، ادویات، کمبل ، گرم کپڑوں اور خیموں کا فوری انتظام کیا جائے۔ وفاقی حکومت بھی بارش اور سردی سے متاثرہ عوام کے لیے کی جانے والی صوبائی حکومتوں کی کوششوں میں معاونت کرے ۔