یو ایس ایڈ پاکستان کی ترقی کا خواہاں
چھوٹے گاؤں دیہات کے رہنے والے باصلاحیت افراد کے لیے اسکالرشپ اور قرضہ کی سہولیات بھی ایک مستحسن اقدام ہے
،سرکاری دستاویز فوٹو: فائل
یو ایس ایڈ پاکستان کے تحت ملک میں کئی جہات میں قابل اور ہنرمند افراد کی مدد اور رہنمائی کے لیے پروگراموں کا انعقاد کررہا ہے جس کے تحت کئی باصلاحیت مرد و خواتین اپنے خوابوں کی تعبیر حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ یو ایس ایڈ پاکستان کے مشن ڈائریکٹر جان گرورکے کا کہنا ہے کہ 2016 ہمارے لیے ایک دلچسپ سال تھا، ہم نے ناصرف پرانے چیلنجوں کا سامنا جدتوں کے ساتھ کیا، بلکہ دیرینہ شراکت میں ایک نیا باب بھی کھولا۔ امریکا اور پاکستان نے تقریباً سات دہائیوں سے ساتھ کام کرتے ہوئے سلامتی، جمہوریت اور خوشحالی کے مشترکہ حصول کا عزم لیے لاکھوں پاکستانیوں کی زندگیاں بہتر کی ہیں۔ اس سفر کے دوران سیکھا جانے والا ایک سبق یہ ہے کہ امریکا اور پاکستان کو روایتی ترقی کے دائرے سے نکل کر برادریوں اور صنعتوں کی ترقی کے بارے میں بھی کام کرنا چاہیے۔
2017 کا استقبال کرتے ہوئے ہم ان نئی شراکتوں کو قائم کرنے کا عہد کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ پائیدار ترقی کے حصول کے لیے ہر سطح پر معاشرے کا متحرک طور پر شریک ہونا ضروری ہے، جیسے ہی کسی ملک میں سیاسی تبدیلی ہوتی ہے، اس کی معیشت بڑھتی یا گھٹتی ہے۔ اس سلسلے میں طویل مدتی منصوبہ بندی ضروری ہے۔ یو ایس ایڈ نے پاکستان میں بہتر طبی سہولیات کے لیے ڈیسنٹ پاکستانی آف فزیشن اِن نارتھ امریکا کے ساتھ ایم او یو سائن کیا ہے، اور آٹھ کروڑ روپے کی رقم اس پروگرام پر پہلی سرمایہ کاری ہے۔
جب کہ چھوٹے گاؤں دیہات کے رہنے والے باصلاحیت افراد کے لیے اسکالرشپ اور قرضہ کی سہولیات بھی ایک مستحسن اقدام ہے، جس میں میرٹ اینڈ نیڈ بیسڈ اسکالرشپ اور خوشحالی بینک کا قرضہ قابل ذکر ہیں۔ گزشتہ سال کے دوران یو ایس ایڈ نے اپنے شراکت داروں کے نیٹ ورک میں توسیع کی ہے، سودمند سرمایہ کاری کے فیصلے کرنے کی خاطر نجی شعبے پر اعتماد بڑھایا تاکہ وہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ اقتصادی ترقی کی حوصلہ افزائی اور سرمایہ کاروں کے لیے منافع پیدا کر سکیں۔
نجی شعبے کا بڑھتا ہوا کردار اس بات کا ثبوت ہے کہ روایتی امداد پر مبنی تعلق کے بجائے پاکستان اور امریکا باہمی فائدہ مند کاروبار کے بالغ تعلق کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ امریکی حکومت اہم بنیادی ڈھانچوں کو بہتر بنانے، اقتصادی مواقع پیدا کرنے اور خوشحالی کو فروغ دینے والی اقتصادی اور سیاسی اصلاحات کے لیے اقدامات کی حمایت میں کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ امید ہے یو ایس ایڈ پاکستان میں مزید پروجیکٹ سامنے لاکر پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود کا کام جاری رکھے گا۔