نئے گورنر سندھ کی تعیناتی امیدیں توقعات

سیاست اورمعیشت کے حوالے پاکستان کا اہم ترین صوبہ ہے جس میں وطن عزیزکی تمام قومیتوں کے افراد بستے ہیں۔


Editorial January 31, 2017
سیاست اورمعیشت کے حوالے پاکستان کا اہم ترین صوبہ ہے جس میں وطن عزیزکی تمام قومیتوں کے افراد بستے ہیں ۔ فوٹو فائل

پاکستانی سیاست کے حوالے سے سندھ کوایک مقام حاصل ہے، اس صوبے نے ملک کو تین وزیراعظم دیے۔ جمہوریت سے محبت سندھ کے عوام کا طرہ امتیاز ہے، سیاسی شعوروآگہی کے حوالے سے آمریت کے خلاف طویل ترین اور صبرآزما جدوجہد کر کے عوام نے ایک تاریخ رقم ہے۔ ہم کہہ سکتے ہیں کہ یہاں سیاسی شعورکی بلندی اورپختگی بدرجہ اتم موجود ہے۔ سیاست اورمعیشت کے حوالے پاکستان کا اہم ترین صوبہ ہے جس میں وطن عزیزکی تمام قومیتوں کے افراد بستے ہیں، بلکہ لاکھوں کی تعداد میں تارکین وطن بھی موجود ہیں۔

انتظامی امورکے حوالے سے گورنرکا اہم ترین عہدہ جسٹس سعیدالزماں صدیقی کے انتقال کے باعث خالی ہوا ہے۔ نئے گورنرکے ضمن میں متعدد نام زیرگردش تھے بالاخر وفاقی حکومت نے وزیرمملکت اور چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیرعمرکوگورنرسندھ تعینات کردیا ہے، وہ جلد ہی اپنے عہدے کا حلف اٹھا کر اپنی ذمے داریاں سنبھال لیں گے ۔نامزدگورنر محمد زبیرعمرکا کہنا ہے کہ سندھ بہت حساس صوبہ ہے، اس میں مختلف زبان بولنے والے افراد رہتے ہیں جن کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔کراچی میں امن وامان کی صورتحال گزشتہ20 ، 25 سال سے اچھی نہیں تھی، جوہماری حکومت کے دورمیںکراچی آپریشن کے بعد بہتر ہوئی۔

اب سب سے بڑا چیلنج شہرکو معاشی حب کی صورت میں واپس لانا ہے۔بلاشبہ نئے گورنر ایک وسیع تجربہ رکھتے ہیں کارپوریٹ سیکٹرکا ۔عوام توقع رکھتے ہیں کہ وہ اپنے تجربات کو بروئے کار لاکر بہتر اور مثبت اقدامات اٹھائیں گے ۔دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے بطورگورنر سندھ تقرری کو خوش آیند قرار دیتے ہوئے توقع ظاہرکی وہ پاکستان اورسندھ کی ترقی میں اہم کردار ادا کریںگے۔یہاں رینجرز آپریشن کا بھی جاری ہے ، جو جرائم پیشہ عناصر اور مختلف سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز کے خلاف ہے ، جسے سیاست زدہ بھی کیا جاتا رہا ہے۔ دراصل گورنر کے اختیارات اٹھارویں ترمیم کے بعد انتہائی محدود ہیں لیکن اس کے باوجود گورنر صوبائی اور وفاقی حکومت کے درمیان رابطے کا پل ہے ، امید ہے نئے گورنر وفاق و سندھ میں خیرسگالی کا نیا باب رقم کریں گے۔