کیلشیم کاربونیٹ کی کلیئرنس میں غلط بیانی ثابت

درآمدکنندگان کو38لاکھ کے واجبات 8.8 لاکھ روپے جرمانے سمیت اداکرنے کاحکم


Ehtisham Mufti February 01, 2017
غلط ٹیرف پر10کے بجائے5فیصدڈیوٹی دی،آڈٹ،ایڈجیوڈکیشن میں الزام ثابت فوٹو: فائل

QUETTA: پاکستان کسٹمز ایڈجیوڈکیشن کلکٹریٹ نے کیلشیم کاربونیٹ کے کنسائمنٹ کی مس ڈیکلریشن کے ذریعے کلیئرنس ثابت ہونے پر درآمدکنندگان پرجرمانے عائد کر دیے۔

''ایکسپریس'' کو موصول ہونیوالی دستاویزات کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف پوسٹ کلیئرنس آڈٹ نے مس ڈیکلریشن کے ذریعے کیلشیم کاربونٹ کے کنسائمنٹس کی کلیئرنس بے نقاب کرتے ہوئے مزید کارروائی کیلیے میسرز اے ٹی ایم انڈسٹریز، میسرز عمران انٹرپرائزز، میسرزشیرازانڈسٹریز (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور میسرز پولی پیک (پرائیوٹ) لمیٹڈ کے خلاف کنٹراونشن رپورٹ متعلقہ ایڈجیوڈیکشن کلکٹریٹ کو ارسال کی تھی۔ دستاویزات کے مطابق مذکورہ درآمدکنندگان کی جانب سے کیلشیم کاربونیٹ کے متعددکنسائمنٹس کی کلیئرنس کے لیے پی سی ٹی 3824.9094 ظاہر کر کے کسٹمزڈیوٹی کی مدمیں 5فیصدکی ادائیگی کی گئی جبکہ کیلشیم کاربونیٹ کے کنسائمنٹس کی کلیئرنس پی سی ٹی 3824.9099کے تحت 10 فیصد کسٹمز ڈیوٹی پر ہوتی ہے تاہم درآمدکنندگان نے مس ڈیکلریشن کاسہارالیتے ہوئے قومی خزانے کو مجموعی طور پر 38لاکھ سے زائد کا نقصان پہنچایا۔

ذرائع کے مطابق کسٹمزایڈجیوڈیکشن کلکٹوریٹ نے پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کی جانب سے درآمدکنندگان پر لگائے گئے الزامات کو درست قراردیتے ہوئے میسرزاے ٹی ایم انڈسٹریز، میسرز عمران انٹرپرائزز، میسرز شیراز انڈسٹریز (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور میسرزپولی پیک (پرائیوٹ) لمیٹڈ سے چوری کیے جانے والے ڈیوٹی وٹیکسزکے واجبات ریکور کرنے کے ساتھ مذکورہ درآمدکنندگان کو مجموعی طورپر 8 لاکھ 80 ہزار روپے کے جرمانے بھی ادا کرنے کے احکام جاری کردیے۔

مقبول خبریں