’’فچ‘‘ حکومت کے اقتصادی اصلاحات کے تحت کامیابیوں کی معترف

 درجہ بندی مستحکم آؤٹ لک کیساتھ بی ریٹنگ قرار، اقتصادی پالیسیوں کا اعتراف ہے، اسحق ڈار


APP February 07, 2017
 درجہ بندی مستحکم آؤٹ لک کیساتھ بی ریٹنگ قرار، اقتصادی پالیسیوں کا اعتراف ہے، اسحق ڈار۔ فوٹو: فائل

عالمی ریٹنگ ایجنسی ''فچ'' نے موجودہ حکومت کی جانب سے اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے کے تحت حاصل کی گئی کامیابیوں کا اعتراف کرتے ہوئے پاکستان کی درجہ بندی کومستحکم آؤٹ لک کے ساتھ بی ریٹنگ قرار دیا ہے۔

فچ نے اپنی رپورٹ میں اس بات کو تسلیم کیاہے کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر مضبوط ہوئے ہیں، مالیاتی خسارہ میں کمی آئی ہے اور اسٹرکچرل اصلاحات کے سلسلے میں نمایاں پیشرفت کی گئی ہے۔

فچ نے مزید قرار دیا ہے کہ پاکستان کا اقتصادی جائزہ روشن ہے اور رواں مالی سال کے دوران زرعی شعبے کی بحالی اور پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت سرمایہ کاری میں اضافہ کو ظاہر کرتا ہے۔ فچ نے پاکستان کی معیشت کے حوالے سے کہا ہے کہ مقامی ڈیمانڈ مسلسل مضبوط ہوگی جس میں نجی تصرف اورکریڈٹ گروتھ تیز ہوگی۔

فچ نے پاکستان کے بینکنگ کے شعبے کی کارکردگی کو سراہا اوراس بات کی پیشگوئی کی کہ پاکستان کی جی ڈی پی میں قرضوں کی شرح بتدریج کم ہوگی ، یہ موجودہ حکومت کی جانب سے مالیاتی نظم ونسق کے حوالے سے کوششوں کا نتیجہ ہے۔ رپورٹ میں حکومتی بجٹ میں کمی کوبھی اجاگرکیا گیا جس میں اسٹرکچرل اصلاحات کے ذریعے محصولات میں بڑھوتری کے علاوہ مختلف ٹیکس رعایتوں کو واپس لینے کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔

دریں اثنا وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے فچ ریٹنگزکی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کے اعادے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ یہ حکومت پاکستان کی اقتصادی پالیسیوں کا اعتراف ہے۔