مقبوضہ کشمیر میں کل اور11 فروری کو مکمل ہڑتال کا اعلان

ہڑتال کی کال سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیاد ت نے دی ہے


News Agencies February 08, 2017
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم کیخلاف مظفر آباد میں طالبات کا احتجاج فوٹو: فائل

RIO DE JANEIRO: مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہاہے کہ کشمیری شہدا محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کی شہادت کی برسیوں کے موقع پر9 اور 11 فرروری کو پوری وادی کشمیرمیں مکمل ہڑتال کی جائے گی۔

ہڑتال کی کال سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیاد ت نے دی ہے۔ علاوہ ازیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کشمیر بین الاقوامی طورپر تسلیم شدہ تنازع ہے اور اس کے حل میں تاخیر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے جس سے جنوبی ایشیا کے خطے میں امن کو مسلسل خطرہ لاحق ہے۔

حریت کانفرنس نے بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ کا بیان کہ '' کشمیر ہمیشہ بھارت کا حصہ تھا اور رہے گا ''کی مذمت کرتے ہوئے اسے روایتی ضد اور ہٹ دھرمی پر مبنی قراردیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ راجناتھ سنگھ آج جس زبان میں بات کر رہے ہیں 60 سال پہلے کے اس وقت کے بھارتی وزیر داخلہ سردار پٹیل بھی وہی بولی بولتے تھے تاہم اس میں کوئی فرق نہیں پڑا۔

دریں اثنامقبوضہ کشمیرمیں بھارتی قابض افواج کی جانب سے مظلوم کشمیریوں پرڈھائے جانے والے مظالم اورانسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پردارالحکومت مظفرآباد کی طالبات سراپا احتجاج بن گئیں، یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بھارتی حکومت اورانسانی حقوق کی عالمی تنظمیوں کی مجرمانہ خاموشی پر کڑی تنقید اور شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ۔

مقبول خبریں