آٹا کی قیمتوں میں اضافے پر جے یو آئی کا اظہار تشویش

غریب عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ بھی چھینا جارہا ہے ، مولانا محمد صالح


Nama Nigar January 05, 2013
مولانا محمد صالح نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر آٹے کے نرخ کم کرکے غریب عوام کو فاقہ کشی سے بچایا جائے. فوٹو : اے ایف پی / فائل

حکمرانوں کی غلط پالیسی اور بڑھتی ہوئی کرپشن کے باعث آٹے کی قیمتیں اس قدر بڑھادی گئی ہیں کہ غریب عوام سوکھی روٹی کیلیے بھی ترس گئے ہیں۔

یہ بات جمعیت علما اسلام کے صوبائی رہنما مولانا محمد صالح نے پریس کلب میں صحافیوں سے کہی۔ انھوں نے کہا کہ کرپشن، لوٹ کھسوٹ، بلیک مارکیٹنگ اور مہنگائی موجودہ حکومت کی جانب سے عوام کیلیے تخائف ہیں، حکمران عوام کو پریشان کرنے کیلیے کبھی گیس، بجلی تیل کی قیمتیں بڑھاتے ہیں تو کبھی عوام کو قطار میں کھڑا کرکے سی این جی کیلیے در بدر اور پریشان کیا جاتا ہے۔

انھو ں نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب غریب عوام کے منہ سے سوکھی روٹی کا نوالہ بھی چھین لینے کی کوشش کی جارہی ہے جو ناقابل برداشت ہے۔ انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر آٹے کے نرخ کم کرکے غریب عوام کو فاقہ کشی سے بچایا جائے بصورت دیگر سندھ بھر میں احتجاجی تحریک چلائی جائیگی۔



دوسری جانب فنگشنل لیگ کے مقامی رہنما نواب ولی محمد لغاری، مسلم لیگ ن کے رہنما عبدالرزاق کھٹی نے بھی آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپٹ وزیروں اور محکمہ خوراک کی عدم توجہی کے باعث آٹے کی قیمتیں آسمان تک پہنچ گئی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آٹے کی قیمتوں میں کمی نہ کی گئی تو احتجاجی تحریک چلائیں گے۔

مقبول خبریں