پی سی بی کا فکسرز کو قرار واقعی سزا دینے کا فیصلہ

اسپورٹس رپورٹر  پير 13 فروری 2017
حالیہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد سینئر جج کی سربراہی میں کمیٹی بنائیں گے جو کھلاڑیوں کا موقف سنے گی، چئیرمین پی سی بی۔ فوٹو؛ فائل

حالیہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد سینئر جج کی سربراہی میں کمیٹی بنائیں گے جو کھلاڑیوں کا موقف سنے گی، چئیرمین پی سی بی۔ فوٹو؛ فائل

 لاہور: چیئرمین پی سی بی شہر یار خان نے کہا ہے کہ فکسنگ کرنے کے بعد کوئی یہ مت سمجھے کہ 2، 4 سال بعد ٹیم میں واپس آ جائے گا جب کہ شرجیل اور خالد کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین پی سی بی شہر یار خان نے کہا کہ پی سی بی کےاینٹی کرپشن یونٹ نے فکسنگ کے خلاف کارروائی میں لیڈنگ رول ادا کیا جب کہ آئی سی سی معاملہ سے آگاہ تھی،سزائیں بھی پی سی بی ہی دے گا۔ سلمان بٹ،محمد آصف اورمحمد عامرکے خلاف کارروائی میں آئی سی سی کا لیڈنگ رول تھا۔انہوں نے کہا کہ حالیہ فکسنگ کے افسوسناک واقعہ میں کم علمی بھی ایک بہت بڑی وجہ سے، پلیئرز نہیں سمجھتے کہ وہ کتنی بڑی غلطی کر رہے ہیں، ایونٹ شروع ہونے سے پہلے اینٹی کرپشن یونٹ نے پلیئرز کو لیکچر دیا اور اسی شام کو وہ ملنے چلے گئے، پڑھے لکھے کھلاڑی آئیں گے تو کھیل اور کھلاڑی سب کو فائدہ ہو گا۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ فکسنگ کے الزام میں معطل کیے جانے پر دونوں کرکٹرز میرے ساتھ ایک ہی فلائٹ میں واپس آئے، جہاز سے اترتے ہوئے انہوں نے بات کرنا چاہی تو میں نے انھیں کہا کہ تم نے پاکستان کرکٹ پر دھبہ لگایا، ملک اور خاندان کو بدنام کیا ہے،ایسا کیوں کیا؟ اب  تم سے بات نہیں کروں گا، اس پر دونوں منہ لٹکائے روانہ ہوگئے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : شرجیل اور خالد لطیف کے کنٹریکٹ معطل کرنے کا فیصلہ

چیئرمین نے حالیہ واقعہ کے تناظر میں کہا کہ کوئی یہ مت سمجھے کہ فکسنگ کرکے دو چار سال بعد ٹیم میں واپس آ جائیں گے، محمد عرفان کو معطل نہیں کیا گیا، نہ ہی شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے تاہم ان سے تفتیش کی جا رہی ہے، اس کے علاوہ کسی اور پلیئر سے تفتیش نہیں کی جا رہی، شاہ زیب اور ذوالفقار بابر کلیئر ہیں۔ شرجیل اور خالد میرے ساتھ فلائٹ میں واپس آئے، اترتے ہوئے میں نے انہیں کہا کہ تم نے پاکستان اور اپنے خاندان کو بدنام کیا ہے، اب کبھی تم سے بات نہیں کروں گا۔ دونوں کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا ہے تاہم انہیں صفائی کا موقع ملے گا۔ حالیہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد سینئر جج کی سربراہی میں کمیٹی بنائیں گے جو کھلاڑیوں کا موقف سنے گی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : شرجیل خان اور خالد لطیف ایونٹ سے باہر

شہریار خان نے کہا کہ پی سی بی کیلیے پی ایس ایل بہت اہمیت کا حامل ہے اور یہ پاکستان کی عزت کا معاملہ ہے، فائنل لاہور میں کروانے کیلیے پرعزم ہیں۔ آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک نے بھی دورہ پاکستان کے حوالے سے رپورٹ پیش کی جو بہت مثبت تھی، جائلز کلارک نے رپورٹ میں لکھا کہ پاکستان میں دہشتگردی میں 80 فیصد تک کمی آچکی ہے، لاہور میں جیسی سکیورٹی دکھائی گئی ویسی دنیا میں کہیں نہیں دیکھی، پی ایس ایل فائنل لاہور میں ہونا چاہیے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔