ڈاکٹر طاہر القادری سابق آمروں کی زبان بول رہے ہیں

لانگ مارچ کے پیچھے ان کا ایجنڈا کیا ہے، وضاحت کریں، نثار احمد کھوڑو.


Staff Reporter January 06, 2013
لانگ مارچ کے پیچھے ان کا ایجنڈا کیا ہے، وضاحت کریں، نثار احمد کھوڑو۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

اسپیکر سندھ اسمبلی نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری سابق آمروں ضیاء الحق اور مشرف کی زبان بول رہے ہیں۔

لانگ مارچ کے پیچھے ان کا ایجنڈہ کیا ہے وہ اس کی وضاحت کریں، حکومت اور عوام کسی کو جمہوریت کو غیر مستحکم کرنے کی اجازت نہیں دے گی، وہ ہفتہ کو پیپلز پارٹی میڈیا سیل میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے، انھوں نے کہا کہ طاہر القادری اپنے لانگ مارچ میں فوج اور عدلیہ کے حوالے سے باتیں کررہے ہیں ان اداروں کو اس کا نوٹس لینا چاہیے، انھوں نے کہا کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہونگے۔

15

انھوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ڈکٹیٹر کے سامنے اپنا سر نہیں جھکایا بلکہ ملک کی بقا اور عوام کے لیے اپنی جان قربان کردی اور انہی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ان کی بیٹی بے نظیر بھٹو نے جمہوریت کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ، اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ شہید بھٹو اور شہید بی بی نے اپنی قربانیوں کے ذریعے قوم کو ایک نئی سوچ اور شعور دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ حکومت اور اس کی اتحادی جماعتوں کے مابین تعلقات مضبوط ہیں، نثار کھوڑو نے کہا کہ لانگ مارچ سے نظام تبدیل نہیں ہوتے، نظام میں اصلاحات پارلیمنٹ کے ذریعے ہوتی ہیں،انھوں نے کہا کہ جس کو شوق ہے وہ لانگ مارچ کرلے لانگ مارچ کے ذریعے حکومت نہیں جائے گی۔

مقبول خبریں