ڈونلڈ ٹرمپ سے یورپی اتحادی بھی ناراض

جرمنی کے وزیر دفاع ارسلا وان ڈرلین نے میونخ دفاعی کانفرنس میں ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف سخت لب و لہجہ اختیار کیا


Editorial February 19, 2017
۔فوٹو: فائل

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سخت گیر پالیسیوں کی جہاں امریکا کے اندر مخالفت جاری ہے' وہاں مغربی یورپ میں بھی بے چینی پائی جاتی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے7مسلم ممالک کے شہریوں پر امریکا میں داخلے پر پابندی لگائی' امریکی عدالت نے اسے ختم کر دیا' پھر میکسیکو سے ملنے والی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے منصوبے پر میکسیکو اور امریکا میں آباد اسپینی نژاد باشندے ناراض ہیں' ادھر ٹرمپ نے روس کے ساتھ دوستی کی باتیں کر کے' نیٹو اتحاد کے حوالے سے منفی باتیں کر کے اور برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے فیصلے کو درست قرار دے کر یورپی یونین میں شامل ممالک کو بھی ناراض کر لیا ہے۔

اس کا اظہار جرمنی نے کھل کر کر دیا ہے' جرمنی کے وزیر دفاع ارسلا وان ڈرلین نے میونخ دفاعی کانفرنس میں ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف سخت لب و لہجہ اختیار کیا اور خبردار کیا کہ وہ روس کی بے جا حمایت کر کے یورپ کا دل دکھانے سے باز رہے' انھوں نے اور بھی بہت سی باتیں کیں' اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنی روایت شکن پالیسیوں اور غیرذمے دارانہ بیانات سے اپنے دیرینہ یورپی اتحادیوں کو بھی ناراض کر رہا ہے' ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیاں نہ صرف امریکا بلکہ دنیا میں نئے تنازعات کو جنم دینے کا ایک باعث بن سکتا ہے۔