پی ایس ایل فائنل کے ٹکٹ گوہر نایاب بن گئے

 پُرجوش شائقین تلاش میں مارے مارے پھرتے رہے،نرخ عام آدمی کی پہنچ سے دور


Sports Reporter March 01, 2017
اپنی فیملی کے ٹکٹ بھی جیب سے خرید رہا ہوں سب کو اس کلچر کی حوصلہ افزائی کرنا ہو گی،چیئرمین پی سی بی۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

KARACHI: پی ایس ایل فائنل کے ٹکٹ گوہر نایاب بن گئے،نرخ عام آدمی کی پہنچ سے دور ہیں، پرجوش شائقین تلاش میں مارے مارے پھرتے رہے، دیگر شہروں سے آنے والے کئی نوجوان بھی من کی مراد پوری نہیں کرسکے۔

لاہور میں پی ایس ایل فائنل کا ٹکٹ جوئے شیر لانے کے مترادف ہوچکا، ٹکٹوں کی مالیت 500، 4ہزار، 8اور 12ہزار رکھی گئی ہے، بیشتر کے نرخ عام آدمی کی پہنچ سے دور ہیں، اس یادگار میچ کو دیکھنے کے خواہشمند پُرجوش شائقین گذشتہ روز بھی تلاش میں مارے مارے پھرتے رہے، دیگر شہروں سے آنے والے کئی نوجوان قذافی اسٹیڈیم تک پہنچنے کیلیے تیار تھے لیکن سیکیورٹی اہلکاروں نے قریب بھی نہیں آنے دیا.

ذرائع کا کہنا ہے کہ وی آئی پی باکسز پہلے ہی اسپانسرز کو دیے جاچکے، دوسری جانب قذافی اسٹیڈیم میں کالج اینڈ کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا کہ امیر غریب سب کیلیے فائنل دیکھنے کا موقع ہے۔ عام لوگ سستی ٹکٹ لے سکتے ہیں، اس لیے 500 روپے والے ٹکٹس کی تعداد 10 ہزار تک کر دی گئی ہے۔ انھوں نے کہاکہ بہت بڑی تعداد میں لوگ پی ایس ایل کا فائنل دیکھنا چاہتے ہیں لیکن ہمیں افسوس ہے کہ اسٹیڈیم میں گنجائش سے زیادہ ٹکٹیں نہیں دی جا سکیں گی۔

اس موقع پر نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے کیلیے آنے والے شائقین کو ٹکٹ کے ساتھ اصل شناختی کارڈ بھی لانا ہوگا، 18 سال سے کم عمر افراد کے داخلے کیلیے سرپرست کا ساتھ ہونا ضروری ہے۔ یاد رہے کہ آن لائن ٹکٹ خریدنے کیلیے ویب سائٹ https://www.q-tickets.com/psl/ ہے جبکہ بدھ سے بینک کی برانچوں پر بھی ٹکٹ دستیاب ہونے کا اعلان کیا گیا تاہم شائقین غیر یقینی صورتحال سے پریشان ہیں۔