ٹرانسپورٹ بروکرز کی ہڑتال غیر قانونی ہے کسٹمز بانڈڈ کیریئرز

نان کمرشل وامریکی کارگوکی ترسیل کا ذمہ ملنے پرمخصوص طبقہ خائف ہے، ممبر کسٹمز کو خط


Ehtisham Mufti January 10, 2013
غیر رجسٹرڈ ٹرانسپورٹرز کے ذریعے سپلائی سے کنسائنمنٹس چوری کا خدشہ ہے، شمس برنی فوٹو : پی پی آئی / فائل

کسٹمز بانڈڈ کیریئرز نے مقامی ٹرانسپورٹ بروکرز کی ہڑتال کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہڑتال کی یہ مہم امریکی افواج کیلیے کسٹمز جنرل آرڈرنمبر10 میں ترمیم اور نئے کسٹمز جنرل آرڈر نمبر 16 کے اجرا کے بعد منظم انداز میں شروع کی گئی ہے۔

آل پاکستان کسٹمز بانڈڈ کیریئرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ممبرکسٹمز ایف بی آر ریاض خان کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ کسٹمز بانڈڈ کیریئرز سال1993 سے بہترین انداز میں خدمات انجام دے رہے ہیں جس کی بنیاد پرایف بی آر نے ایس آر او 601 مجریہ2011 کے تحت افغان کمرشل کارگوکی ترسیل کی ذمے داری بھی این ایل سی کے توسط سے رجسٹرڈ کسٹمز بانڈڈ کیریئرز کو دی گئی۔

خط میں کہا گیا ہے کہ کسٹمز بانڈڈ کیریئرز نے بلوچستان اور قبائلی علاقوں میں امن وامان کی ناگفتہ بہ صورتحال کے باوجود بہترین انداز میں افغانستان کیلیے کارگو کی ترسیل کی اور اسی کارکردگی کی بنیاد پرحال ہی میں بانڈڈکیریئرز کو نان کمرشل اور امریکی کارگوکی ترسیل کی ذمے داری دینے کا فیصلہ کیا گیا لیکن اس فیصلے پرمخصوص طبقہ خائف ہے۔



آل پاکستان کسٹمز بانڈڈ کیریئرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید شمس برنی نے ''ایکسپریس'' کے استفسار پربتایا کہ نیٹو افواج کے کنسائنمنٹس کواگرغیررجسٹرڈ ٹرانسپورٹ بروکرز کے توسط سے ترسیل کی اجازت دیدی گئی تو نہ صرف نیٹوکے حساس کنسائنمنٹس کی منزل مقصود تک ترسیل ناممکن ہوجائے گی بلکہ حساس ملٹری ایکویپمنٹس کے راستے میں غائب یا چوری ہونے کے واقعات بڑھ جائیں گے اوریہ دہشت گرد استعمال کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ کسٹمز بانڈڈ کیریئرز کے رجسٹرڈ وہیکلز محکمہ کسٹمز میں باقاعدہ رجسٹرڈ ہیں جن کی تمام سرگرمیاں کسٹم حکام مانیٹر کرتے ہیں جبکہ مقامی ٹرانسپورٹ بروکرز کا مطالبہ اگرتسلیم کیا گیا تو محکمہ کسٹمز کی جانب سے امریکی فوجی کنسائنمنٹس کی نگرانی پرکنٹرول ختم ہوجائیگا اور فوجی ایکویپمنٹس غائب ہونے کے خطرات بڑھ جائینگے، بانڈڈ کیریئرز کے 1200 وہیکلز پر ٹریکرز لگے ہیں اور مزید 8 ہزار وہیکلزپر نصب کیے جائیں گے جس سے رجسٹرڈ بانڈڈ کیریئرز کے توسط سے کنسائنمنٹس کی ترسیل نہ صرف مقررہ منزل تک یقینی بلکہ محفوظ بھی ہوجائے گی۔

مقبول خبریں