میری آمدنی کا بڑا حصّہ شاپنگ کی نذر ہو جاتا ہے سنایا ایرانی

میں ایک سادہ مزاج اور سچّے انسان کی تلاش میں ہوں جو میرا شریکِ سفر بن سکے۔


Farooq Aslam July 30, 2012
’’اس پیار کو کیا نام دوں‘‘ کی ’’خوشی کماری‘‘ کی باتیں۔ فائل فوٹو

KARACHI: ''لیفٹ رائٹ لیفٹ'' سے ٹیلی ورلڈ میں بہ طور اداکارہ اپنے سفر کا آغاز کرنے والی سنایا ایرانی اس وقت ٹیلی ویژن پر بے انتہا مصروف ہے۔ شوبزنس میں اداکارہ کی حیثیت سے بتدا ہی میں اس نے ناظرین اور ناقدین کی توجہ حاصل کر لی۔ وقت نے ثابت کیا کہ وہ چھوٹی اسکرین پر خوش گوار اضافہ ہے۔ اداکارہ نے فلم نگری میں بھی کام کیا، لیکن ٹی وی سے اس کا تعلق زیادہ مضبوط ہے۔ ان دنوں وہ اسٹار پلس پر ''اس پیار کو کیا نام دوں'' میں ''خوشی کماری'' کا کردار ادا کررہی ہے۔ اس اداکارہ کی نجی زندگی اور کیریر سے متعلق یہ باتیں آپ کی دل چسپی کا باعث بنیں گی۔

ٹیلی نگری کی اس خوب صورت اور باکمال اداکارہ کا تعلق ممبئی سے ہے۔ اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد اس نے ماڈلنگ کا سلسلہ شروع کیا اور مختلف اشتہارات میں کام کرنے کے ساتھ ساتھ میوزک ویڈیوز میں بھی اپنی اداؤں کا جادو جگایا۔ 2006 میں اسے اداکاری کرنے کا موقع ملا اور فلم ''فنا'' میں وہ ہیروئن کی دوست کا کردار نبھاتی دیکھی گئی جس کے بعد ٹیلی ویژن کی طرف آنا ہوا۔

''لیفٹ رائٹ لیفٹ'' میں وہ سمیرا کے روپ میں پہلی مرتبہ چھوٹے پردے کے ناظرین کے سامنے آئی تھی اور بے شک اس نے اپنے کردار کو نہایت خوبی سے نبھایا تھا۔ اس کے بعد امیجن ٹی وی پر ''رادھا کی بیٹیاں'' میں اس کی عمدہ پرفارمینس کو ناظرین نے بہت پسند کیا اور پھر ''ملے جب ہم تم'' جیسے مقبول ترین شو میں اس نے اپنی صلاحیتوں کا بہترین اظہار کیا اور ''گنجن'' کا کردار ادا کر کے ٹیلی ورلڈ میں مزید نام کمایا۔ ریالٹی شو ''ذرا نچ کے دکھا سیزن ٹُو'' میں وہ بہ طور میزبان نظر آئی اور اس روپ میں بھی ناظرین کی توجہ حاصل کی۔

سنایا نے ایک مختصر انٹرویو کے دوران بتایا، '' میں ٹیلی ویژن پر ڈراما ''اس پیار کو کیا نام دوں'' میں خوشی کماری کا کردار نبھا رہی ہوں اور مجھے اس کا زبردست رسپانس ملا ہے۔ ٹی آر پیز کے مطابق میرا شو دیکھنے والوں میں خاصا مقبول ہے اور ٹیلی ورلڈ میں اسے کام یاب ڈرامے کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ امید ہے کہ میں آئندہ بھی ناظرین کے ساتھ ساتھ ناقدین کی توجہ حاصل کر سکوں گی۔'' دراصل یہ کہانی دو مختلف سوچ کے حامل عورت (خوشی) اور مرد (آرنَو) کے گرد گھومتی ہے۔ ان کے نظریات، خیالات اور طرز فکر ایک دوسرے کے برعکس ہیں جس سے مختلف صورتِ حال جنم لیتی ہے اور اسی سے کہانی آگے بڑھتی ہے۔

سنایا پچھلے چار برس سے اداکاری کے شعبے کے ساتھ ماڈلنگ کی دنیا میں بھی خوب کام کر رہی ہے۔ وہ انڈین چینلوں پر مختلف کمرشلز میں نظر آنے کے ساتھ میوزک ویڈیوز میں تواتر سے نظر آرہی ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ میڈیا کے مختلف شعبوں میں اپنی جگہ بنا چکی ہے اور نام کے ساتھ ساتھ پیسا بھی خوب کما رہی ہے۔ حال ہی میں اسے ''اسٹار پریوار'' کی جانب سے ''فیورٹ بہو'' کا ایوارڈ دیا گیا جب کہ مختلف عرصے کے دوران وہ ''انڈین ٹیلی ویژن اکیڈمی، گلیکسی، نیو ٹیلنٹ اور بگ اسٹار'' کے ایوارڈز اپنے نام کر چکی ہے۔

اداکارہ سے اس کی دل چسپی اور پسند سے متعلق پوچھا گیا تو معلوم ہوا کہ بریڈ پٹ کی دیوانی ہے اور خواہش ہے کہ کسی طرح بریڈ پٹ کے ساتھ رومانس لڑانے کا موقع مل جائے۔ اس کی کمائی کا بڑا حصہ خریداری کی نذر ہو جاتا ہے، کیوں کہ وہ شاپنگ کی دل دادہ ہے، پرفیومز اسے بے حد پسند ہیں جب کہ گلاب اور موتیا کے پھول اس کی کم زوری ہیں۔ وہ گھومنے پھرنے کی شوقین ضرور ہے، لیکن شکوہ کرتی ہے کہ اسے کام سے فرصت ہی نصیب نہیں ہوتی۔ خود کو جذباتی مانتی ہے اور اپنی اسی عادت کو بہت سی خرابیوں کا سبب بتاتی ہے۔

کہتی ہے کہ سڑکوں پر بھیک مانگنے والی عورتیں اسے اپنی جانب متوجہ کر لیتی ہیں۔ غربت اور ناانصافی پر کُڑھتی ہے اور حکومت کو اس کا ذمہ دار ٹھہراتی ہے۔ جھوٹ بولنے سے اسے سخت نفرت ہے۔ کہا جاتا ہے کہ وہ اس پر کوئی سمجھوتا نہیں کرتی اور کئی لوگوں سے ان کی جھوٹ بولنے کی عادت کی وجہ سے دور ہو چکی ہے۔ سنایا کو نہایت خوش اخلاق اور منکسر المزاج لڑکی سمجھا جاتا ہے اور اس کے گواہ اداکارہ کے ملنے جلنے والے اور انڈین ٹی وی انڈسٹری بھی ہے جب کہ انفارمیشن میڈیا بھی اس سے خوش ہے۔

ہندوستانی میڈیا میں سنایا کے بارے میں یہ بات عام ہے کہ بے حد مصروفیت کے باوجود وہ رابطہ کرنے پر بات ضرور کرتی ہے۔ لوگ اسے ایمان دار اور جرات مند بھی خیال کرتے ہیں۔ غرض یہ کہ جہاں وہ بہترین اداکارہ کے طور پر شہرت رکھتی ہے، وہاں اپنی خوش مزاجی اور اچھی عادات کی وجہ سے بھی پہچانی جاتی ہے۔

اپنے لائف پارٹنر کے بارے میں اس کا کہنا ہے، ''میں ایک سادہ مزاج اور سچّے انسان کی تلاش میں ہوں جو میرا شریکِ سفر بن سکے۔''

مقبول خبریں