اقوام متحدہ میں فلسطین کی حمایت میں 4 قراردادوں کی منظوری

قراردادوں میں فلسطینیوں کے حقوق کی پامالی، یہودی بستیوں کی تعمیرکی مذمت، حق خودارادیت کی حمایت کی گئی۔


APP March 27, 2017
قراردادوں میں فلسطینیوں کے حقوق کی پامالی، یہودی بستیوں کی تعمیرکی مذمت، حق خودارادیت کی حمایت کی گئی۔ فوٹو: فائل

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے واضح اکثریت کے ساتھ فلسطین کی حمایت میں 4 قراردادوں کی منظوری دیدی۔

فلسطین انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے جن4قراردادوںکی منظوری دی ہے ان میں سے ایک میں غزہ اور غرب اردن میں اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینی عوام کے حقوق کی پامالی اور دوسری میں صیہونی بستیوں کی تعمیر کی مذمت کی گئی ہے۔ دیگر 2 قراردادوں میں فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی حمایت اور مقبوضہ فلسطین یعنی اسرائیل میں انسانی حقوق کی صورتحال کا جائزے پر زور دیا گیا ہے۔

دوسری جانب سیاسی اور قانونی ماہرین کا کہناہے کہ فلسطین کی حکومت اور عوام مذکورہ قراردادوں کوعالمی فوجداری عدالت میں اپنے حقوق کی بالادستی کیلیے استعمال کرسکتے ہیں۔ امریکا اور اسرائیل نے بعض ملکوں کو ساتھ ملا کر مذکورہ قراردادوں کو رکوانے کی بھی کوشش کی تاہم انھیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔