شاداب خان نے اظہر علی کو بھی گرویدہ بنالیا

اسپورٹس رپورٹر  منگل 28 مارچ 2017
اسپاٹ فکسنگ پرسابقہ موقف پرقائم ہوں،مزید تبصرہ نہیں کرنا چاہتا،سینئر بیٹسمین۔ فوٹو: اے ایف پی

اسپاٹ فکسنگ پرسابقہ موقف پرقائم ہوں،مزید تبصرہ نہیں کرنا چاہتا،سینئر بیٹسمین۔ فوٹو: اے ایف پی

 لاہور:  قومی ون ڈے ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی بھی شاداب خان کے گرویدہ ہوگئے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اظہر علی نے کہاکہ پہلے ٹوئنٹی 20میچ میں شاداب خان نے بہترین میچ ٹمپرامنٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار کارکردگی دکھائی،لیگ اسپنر نے پی ایس ایل میں ہی صلاحیتوں کی جھلک دکھلا دی تھی، ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی اچھی پرفارمنس کا سلسلہ برقرار رکھا،۔امید ہے کہ وہ مستقبل میں اچھے آل راؤنڈر ثابت ہوں گے اور پاکستان کی فتوحات میں اہم کردار اداکریں گے۔

ون ڈے ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی ہوم گراؤنڈ پر مشکل حریف ثابت ہوتی ہے لیکن پاکستانی اسکواڈ بھی متوازن اور سیریز جیتنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں اظہر علی نے کہاکہ اپنی ٹریننگ جاری رکھے ہوئے ہوں اور جلد ہی ایک روزہ کرکٹ میں بھی کم بیک کروں گا، ویسٹ انڈیز میں ہونے والی ٹیسٹ سیریزکیلیے پر عزم ہوں،امکان ہے کہ تربیتی کیمپ اپریل کے پہلے ہفتے میں شروع ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ اسپاٹ فکسنگ کے بارے میں اپنے سابق موقف پرقائم ہوں کیونکہ کیس کی سماعت ٹریبیونل کررہا ہے اس لیے کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔