ملیر 15 اور کالا بورڈ پر بھی فلائی اوور تعمیر کیے جائینگے

تکمیل سے ٹرانسپورٹ کے نظام میں خاطر خواہ بہتری آئیگی، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ


Staff Reporter January 15, 2013
ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ہدایت دی کہ جناح ٹرمینل فلائی اوور کے باقی ماندہ کاموں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے۔ فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید نے کہا ہے کہ شارع فیصل پر 289 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا جناح ٹرمینل فلائی اوور اپنی تکمیل کے بعد2013میں کراچی کے شہریوں کیلیے پہلا تحفہ ہوگا جبکہ شاہراہ پاکستان پر زیر تعمیر چاروں فلائی اوورز بھی اسی دوران مکمل ہوجائیں گے۔

ان منصوبوں کی تکمیل سے شہر کے انفرااسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مدد ملے گی اور ٹرانسپورٹ کے نظام میں خاطر خواہ بہتری آئے گی لہٰذا جناح ٹرمینل فلائی اوور سمیت تمام ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ وقت پر تکمیل کے لیے تعمیراتی کام میں مزید تیزی لائی جائے اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے۔



یہ بات انھوں نے جناح ٹرمینل فلائی اوور کے دورے کے موقع پر کہی، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز الطاف جی میمن ، سینئر ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکشن محمد اطہر اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ شارع فیصل شہر کی اہم اور مصروف ترین شاہراہ ہے جہاں انٹرنیشنل ایئر پورٹ ہونے کی وجہ سے ٹریفک کا زبردست دبائو رہتا ہے۔

جناح ٹرمینل فلائی اوورز کی تکمیل سے یہاں ٹریفک کے دبائو میں خاطر خواہ کمی آئے گی اور شہریوں کو ایئر پورٹ اورنیشنل ہائی وے پر آمدورفت میں سہولت ہوگی، انھوں نے ہدایت دی کہ جناح ٹرمینل فلائی اوور کے باقی ماندہ کاموں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے، انھوں نے کہا کہ شارع فیصل کو سگنل فری کرنے کیلیے ملیر 15 اور کالا بورڈ پر بھی فلائی اوور تعمیر کیے جائیں گے جس کے لیے 24 ملین روپے بجٹ میں مختص کیے گئے ہیں۔