قومی اسمبلی و سینیٹ کے اجلاس بلانے کا اصولی فیصلہ

پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس بلایا جائے


Monitoring Desk January 16, 2013
پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس بلایا جائے فوٹو: اے پی پی/ فائل

پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے ملک کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے قومی اسمبلی و سینٹ کے اجلاس بلانے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے منگل کو وزیر اعظم راجا پرویز اشرف ، پیپلز پارٹی کے سینئر رہنمائوں اور اتحادی جماعتوںکے قائدین سے ٹیلی فون پر تفصیلی مشاورت کی۔ مشاورت کے بعد پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس بلایا جائے۔ اجلاس بلائے جانے کے حوالے سے وزیر اعظم اپوزیش جماعتوں کو بھی اعتماد میںلیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کے بعد اجلاس بلانے کی حتمی تاریخ کا نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی و سینیٹ کے اجلاسوں ملک میں جمہوریت کے استحکام اور بالادستی کے لیے مشترکہ قرار داد پیش کیے جانے کا بھی امکان ہے۔باوثوق ذرائع کے مطابق حکومت نے ملک میں آئندہ عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان اور نگراں حکومتوں کے قیام کے لیے بھی اتحادی اور اپوزیشن سمیت دیگر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے اتحادی ، اپوزیشن اوردیگر جماعتوں سے رابطے وزیر اعظم راجا پرویز اشرف ، نوید قمر ، رضا ربانی اور سید خورشید شاہ کریں گے۔ مشاورت کے بعد ملک میں عام انتخابات کی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ملک میں آئندہ عام انتخابات مئی کے پہلے ہفتے میں منعقد کرائے جانے کا امکان ہے۔