شدید گرمی میں بدترین لوڈ شیڈنگ کئی شہروں میں احتجاج

وزارت صورتحال پرقابو پانے میں ناکام، عوامی رد عمل کا خدشہ، اپریل میں لوڈشیڈنگ کا بھی نیا ریکارڈ


لاڑکانہ میں درجہ حرارت 48، سکھر میں 17 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، پارہ 47 ڈگری پر جا پہنچا۔ فوٹو:فائل

ملک کے بیشتر میدانی علاقے پیر کوبھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے، کئی شہروں میں اپریل کے مہینے میں گرمی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا جبکہ اپریل میں لوڈ شیڈنگ کے بھی تمام سابق ریکارڈ ٹوٹ گئے۔

گزشتہ روز بھی بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا، وزارت پانی وبجلی لوڈشیڈنگ کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو قابو کرنے میں ناکام ہو گئی۔ بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 870 میگاواٹ سے تجاوز کر گیا، شہروں میں 8 سے 10گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں12 سے 14 گھنٹے کی بدترین لوڈشیڈنگ ہونے لگی، لاہور سمیت کئی شہروں میں طویل اور بدترین لوڈ شیڈنگ کے ستائے لوگ سڑکوں پر آ گئے اور شدید احتجاج کیا۔ سکھر میں 12سے 14 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کیخلاف سول سوسائٹی نے جسم پر سوئچ بورڈ باندھ کر اور ٹرانسفارمر سے الٹا لٹک کر احتجاج کیا۔

دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ، پنجاب، جنوبی بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم رہا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج لاہور سمیت ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں شدید گرمی پڑے گی۔

گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت کے مطابق لاڑکانہ میں48، نورپورتھل، بھکر، رحیم یار خان، خان پور، سبی، موہنجوداڑو، سکھر47، بہاولپور، نواب شاہ، جیکب آباد، پڈعیدن، سکرنڈ، دادو، ڈی جی خان ، بہاولنگر، شورکوٹ میں 46، ملتان، کوٹ ادو، جیکب آباد، فیصل آباد، ڈی آئی خان اور جھنگ میں 45 ، سرگودھا میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

پیر کے روز سکھر میں ریکارڈ درجہ حرارت47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اس سے پہلے25 اپریل 2000 میں 46.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا، جھنگ میں شدید ترین گرمی نے اپریل میں پڑنے والی غضبناک گرمی کا 30 سالہ ریکارڈ توڑدیا، لاہور کا درجہ حرارت 43ڈگری سینٹی گریڈ پر پہنچ گیا، محکمہ موسمیات نے آئندہ 3 سے 4 روز تک لاہور سمیت مختلف اضلاع میں شدید گرمی پڑنے کی پیشگوئی کردی، پنجاب میںسب سے زیادہ درجہ حرارت رحیم یار خان میں47ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

مقبول خبریں