ابتر ملکی حالات نے مشکلات میں اضافہ کردیا فنکار

لٹیرے عوام کے لیے عذاب بن گئے، عمران عباس، ہر طبقہ پریشانی کا شکار ہے، بشریٰ انصاری


Showbiz Reporter January 19, 2013
حالات پر قابو پاسکتے ہیں، قاضی واجد، بدامنی سے انڈسٹری تباہ ہوئی، جواد احمد فوٹو : فائل

ملک کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال سے جہاں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو مشکلات کا سامنا ہے وھیں فنکاربھی مایوسی کا شکار ہیں فنکار کہتے ہیں کہ آنے والا وقت مزید مشکلات لے کر آئیگا۔

پاکستان کی معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے نمایندہ ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اب بہت ہوا ہمیں اپنے عوام اور ملک کے بارے میں سوچنا ہوگا اس وقت پاکستان میں ہر طبقہ پریشانی کا شکار ہے، اداکار قاضی واجد نے کہا کہ جو لوگ حالات کا رونا آج رو رہے ہیں انھیں شاید یاد نہیں کہ ہم نے بہت پہلے اس اندیشے کا اظہار کیا تھا کہ آنیوالا وقت مزید مشکلات لے کر آئیگا۔

مگر اس وقت کسی نے اہمیت نہیں دی تھی انھوں نے کہا کہ وقت ابھی بھی گزرا نہیں ہے ہمیں اب بھی متحد ہوکر ان مشکلات سے نکلنے کے لیے راستہ تلاش کرنا ہوگا ورنہ ہماری آنے والی نسلوں کو ہم سے زیادہ مشکلات سے گزرنا پڑے گاگلوکار جواد احمد کا کہناتھا کہ پاکستان کی صورت حال ہر گزرتے ہوئے دن کے ساتھ خراب سے خراب تر ہوتی جارہی ہے حالات کی خرابی کے باعث پہلے پاکستان فلم انڈسٹری سے ہمیں ہاتھ دھونا پڑا اب ایسا لگتا ہے کہ ہم میوزک انڈسٹری بھی آہستہ آہستہ کھو رہے ہیں۔



انھوں نے کہامجھے لگتا ہے اس ملک کے حالات حکمران درست نہیں کرسکتے اس کے لیے عوام کو گھروں سے نکلنا ہوگا اور اپنی جنگ خود لڑنی ہوگی اداکار قیصر خان نظامانی نے کہا کہ ویسے تو اس ملک میں ہر آدمی پریشان ہے مگر فنکار برادری کو اس لیے زیادہ پریشانی کا سامنا ہے کہ ان کا سب کچھ شوبز سے وابستہ ہے۔

اگر حالات خراب ہونے کی وجہ سے سرگرمیاں معطل ہوتی ہیں تو انھیں دوسرا راستہ تلاش کرنا مشکل ہوجاتا ہے اداکار عمران عباس نے کہا کہ پاکستان میں جن لوگوں نے عوام کو بے وقوف بنا کر پیسہ بنایا وہ ہی لوگ عوام کے لیے عذاب بنے ہیں ہمیں ان سے چھٹکارہ حاصل کرنا ہوگا حالات خود بخود ٹھیک ہوجائینگے جہاں تک فنکار برادری کا تعلق ہے تو اگر ہم سب متحد ہوجائیں کسی بھی ایک نکتے پر تو ہم بہتری کی طرف باآسانی جاسکتے ہیں۔

مقبول خبریں