احسان اللہ کا سرنڈر بڑی کامیابی

کلبھوشن یادیوکو سزا فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے تقاضوں کے مطابق دی گئی


Editorial April 19, 2017
کلبھوشن یادیوکو سزا فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے تقاضوں کے مطابق دی گئی ۔ فوٹو/اے ایف پی/فائل

FAISALABAD: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیم جماعت الاحرار کے کمانڈر اور تحریک طالبان پاکستان کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان نے خود کو سیکیورٹی فورسز کے حوالے کردیا ہے جو گزشتہ 15سالوں کی قربانی کے بعد بڑی کامیابی ہے۔ پاکستانی عوام، ریاست اور ریاستی اداروں نے ملکی سیکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانے میں خاطر خواہ پیش رفت کی ہے، پاکستان کے لیے اس سے بڑی کوئی کامیابی نہیں ہوسکتی کہ ہمارے سب سے بڑے دشمن راہ راست پر آرہے ہیں۔

پیر کو راولپنڈی میں آپریشن ردالفساد میں کامیابیوں کے حوالے سے پریس بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے طالبان کے سابق ترجمان کے سرینڈر کرنے پر ایک ایسے نازک وقت میں جامع پالیسی بیان دیا ہے جب امریکی سلامتی کے مشیرآرنلڈ ریمنڈ میک ماسٹر کی وزیراعظم نوازشریف، آرمی چیف قمر جاوید باجوہ اور مشیر خارجہ ناصر جنجوعہ سے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

میک ماسٹر نے پاکستان پہنچنے سے قبل کابل میں اپنے ایک انٹرویو میں پاکستان پر زور دیا کہ وہ سفارت کاری کا راستہ اپنائے اور افغانستان سمیت کہیں بھی پراکسی میں نہ پڑے، حسن اتفاق ایسا ہوا ہے کہ احسان اللہ احسان کے ہتھیار ڈالنے کا لمحہ موجود بھی امریکی سلامتی مشیر کے اس بیان سے جڑا ہوا ہے کہ طالبان کے تمام دھڑوں کے خلاف کارروائی ضروری ہے، جب کہ پاکستان نے آپریشن ردالفساد کے ذریعے امریکا کے ان خدشات اور ہدایات کا پہلے سے تسلی بخش بندوبست کررکھا ہے کہ ایک طرف پاکستانی سلامتی کے امور سے وابستہ حکام واضح کرچکے ہیں کہ حقانی نیٹ ورک نہ ان کا پسندیدہ ہے اور نہ کسی دہشتگرد سے رو رعایت کی جائے گی۔

پاکستان کئی بار صدر غنی اور افغان دفاعی حکام سے ملا فضل اللہ اور دیگر طالبان کمانڈروں اور دہشتگردوں کو پاکستان کے حوالے کرنے کا مطالبہ کرچکا ہے ، اس ضمن میں خوش آیند اطلاع افغان سفیر ڈاکٹر عمر زاخیل وال کی طرف سے آئی ہے کہ کالعدم تحریک طالبان کے سربراہ ملا فضل اللہ کے خلاف افغانستان اور پاکستان مشترکہ آپریشن کرسکتے ہیں، یوں یہ احسان اللہ کی تحریک طالبان سے علیحدگی بڑی پیش رفت کہی جاسکتی ہے، ادھر وزیراعظم نے تصفیہ کشمیر کے لیے صدر ٹرمپ کی آمادگی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ خطے میں پائیدار امن قائم ہوگا۔ انھوں نے درست کہا کہ ادارے اور سسٹم وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط ہوتے ہیں۔ مدرسہ، عدالتی، تعلیمی، پولیس اور فاٹا اصلاحات بھی ردالفساد کا حصہ ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیوکو سزا فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے تقاضوں کے مطابق دی گئی، کلبھوشن کے معاملے پر سمجھوتہ کیا نہ کرینگے، کرنل حبیب 2014 میں پاک فوج سے ریٹائر ہوئے، ان کا کلبھوشن کے معاملے سے تعلق نہیں۔ میڈیا میں نورین کا واقعہ بھی رپورٹ ہوا ہے اسے قوم کی بچی قرار دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے داعش کے اہداف کا حوالہ دیتے ہوئے نوجوان نسل کو بروقت خبردار کیا ہے کہ وہ اس عفریت سے محتاط رہیں کیونکہ وہ نوجوانوں کو ورغلانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی ، سائبر سہولتوں اور ابلاغ کے خفیہ طریقے استعمال کررہی ہے،جیسا کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مشیر خارجہ سر تاج عزیز اور سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کے نام سے چلنے والے جعلی اکاؤنٹس کی شکایات سامنے آئی ہیں، دفتر خارجہ نے ایف آئی اے سائبر کرائم سیل اور ٹویٹر انتظامیہ کو باقاعدہ طور پر شکایات بھجوا دی ہیں۔

دفتر خارجہ کی دو اہم شخصیات کے جعلی اکاؤنٹس گزشتہ کئی ہفتوں سے قومی اور بین الاقوامی سطح پر رونما ہونے والے اہم واقعات پر مستقل ردعمل دے رہے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے ایکسپریس کو بتایا کہ اس سے پہلے بھی دو دفعہ اس کے جعلی ہونے کے حوالے سے ٹویٹس کی جا چکی ہیں لیکن اب باقاعدہ طور پر ایف آئی اے سائبر کرائم سیل اور ٹویٹر انتظامیہ کو شکایت بھجوائی گئی ہیں تاکہ وہ اس کے خلاف کارروائی کرکے اکاؤنٹس کو بلاک کریں اور ملوث افراد کو سامنے لایا جا سکے۔

حقیقت یہ ہے کہ پاک فوج کے ترجمان نے ملکی داخلی صورتحال اور دہشتگردوں کے خلاف آپریشن ردالفساد کی کامیابیوں کا تفصیلاً معروضی جائزہ پیش کرتے ہوئے حکمرانوں کو ادارہ جاتی اشتراک عمل کی ضرورت پر راغب کیا ہے تاکہ ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل ہو۔ ان کی یہ بات آپریشن ردالفساد کو استدلالی بنیاد فراہم کرتی ہے اور انتہا پسندوں کے لیے انتباہ بھی کہ ''کوئی قوت ریاست کا مقابلہ اور اس سے لڑ نہیں سکتی،'' ، آپریشن ردالفساد بطور قوم واقعی فساد کو رد کرنے کا عہد ہے جس کے تحت دہشتگرد اور ان کے ساتھی جہاں بھی ہوں ان کا خاتمہ کیا جانا ناگزیر ہے۔