شمالی کوریا میزائل کا دوسرا تجربہ کرے تو حملہ کر دیا جائے، ٹرمپ کا فوج کو حکم

خبر ایجنسیاں  ہفتہ 22 اپريل 2017
چین نے ٹینک، بھاری نفری سرحدوں پرتعینات کردی،روس نے بھی فوج کوسرحدوں پرپوزیشن سنبھالنے کاحکم دیدیا۔ فوٹو: فائل

چین نے ٹینک، بھاری نفری سرحدوں پرتعینات کردی،روس نے بھی فوج کوسرحدوں پرپوزیشن سنبھالنے کاحکم دیدیا۔ فوٹو: فائل

واشنگٹن / پیانگ یانگ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حکم جاری کیا ہے کہ اگر شمالی کوریا میزائل کا دوسرا تجربہ کرے تو پیانگ یانگ پر حملہ کردیا جائے جس کے بعد چین اور روس نے اپنی فوج کو جزیرہ نما کوریا سے ملنے والی سرحدوں پر تعینات کردیا ہے جبکہ شمالی کوریا نے بھی فوج اور بھاری ہتھیاروں کی تنصیب شروع کردی۔

امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے فوج کو حکم دیا ہے کہ اگر شمالی کوریا میزائل کا دوسرا تجربہ کرے تو پیانگ یانگ پر حملہ کردیا جائے اور شمالی کوریا کے میزائلوں کو امریکی علاقوں تک نہ پہنچنے دیاجائے۔

امریکی ٹی وی کے مطابق چین نے بھاری ہتھیار، نفری، ٹینک اور طیارے شمالی کوریا سے ملنے والی سرحدوں پر تعینات کردیے ہیں، روس نے بھی ملکی سطح پر میزائل نصب کرنے کے بعد فوج کوجزیرہ نما کوریا اور امریکی ریاست الاسکا سے ملنے والی سرحدوں پر پوزیشن سنبھالنے کا حکم دیاہے۔ شمالی کوریائی پیپلز آرمی کی سالگرہ پر جنوبی کوریا الرٹ ہو گیا۔

دوسری جانب جنوبی کوریا نے اپنی فوج کو چوکس رہنے کا حکم دیاہے، سرحدی تحفظ کے عمل کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا جبکہ غیر ملکی میڈیا کے مطابق آئندہ ہفتے شمالی کوریا کی پیپلز آرمی اپنے قیام کی 85ویں سالگرہ منا رہی ہے۔ اس موقع پر جنوبی کوریا نے اپنی فوج کو چوکس رہنے کا حکم دیا ہے۔

واضح رہے کہ شمالی کوریائی پیپلز آرمی کے قیام کی سالگرہ اس کی سرمائی مشقوں کے اختتام پر منائی جا رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔