بھارت پاکستانی ملبوسات کے اسٹور پر حملہ

مہاراشٹرا نرمن سینا کے ہندو انتہا پسند کارکن پاکستانی لیبل والے کپڑوں پر جوتے برساتے رہے


Editorial April 24, 2017
فوٹو: بشکریہ انڈیا ٹوڈے

بھارت کے شہر ممبئی کے ایک شاپنگ مال جہاں پاکستانی ملبوسات بھی فروخت ہوتے ہیں پر ہندو انتہا پسند تنظیمیں کے کارکنوں نے دھاوا بول دیا ۔ اخباری اطلاعات کے مطابق ممبئی میں انتہا پسند ہندوؤںنے انٹرنیشنل برانڈ میںبکنے والے ملبوسات کے اسٹورپر دھاوا بول دیا اور پاکستان میڈ ملبوسات کواسٹور سے باہر پھینک دیا اور اسٹور کو آگ لگا دی گئی۔ حملہ آور اس موقع پر پاکستان کے خلاف نعرہ بازی بھی کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بھارت میں پاکستان کے ملبوسات کی فروخت نہیں ہونے دیں گے۔

مہاراشٹرا نرمن سینا کے ہندو انتہا پسند کارکن پاکستانی لیبل والے کپڑوں پر جوتے برساتے رہے۔ پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے اس واقعہ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو بھارت میں عدم برداشت پر تشویش ہے، بھارت کی پاکستان کے خلاف پالیسی جارحانہ ہے، بھارتی رویے سے معاملات بہتری کی طرف نہیں جا سکتے، ماضی میں بھی بھارت میں ایسے واقعات دیکھے گئے، بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ جو سلوک ہو رہا ہے سب کے سامنے ہے لیکن پاکستان اپنے تمام ہمسائیوں کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے۔

بھارت کے لیے بھی پاکستان کا رویہ دوستانہ ہے مگر ادھر سے ویسا جواب کم ہی موصول ہوتا ہے اور ہماری خیر سگالی کو ہماری کمزوری پر محمول کیا جاتا ہے جس سے ہمارے اس پڑوسی کے خبث باطن کا احساس ہوتا ہے۔ ممبئی میں پاکستانی برانڈ کے کپڑوں کو آگ لگانے سے پہلے بھارتی ارباب اختیار کو یہ سوچنا چاہیے تھا کہ بھارت میں جانے والے ہمارے تجارتی مال کی مقدار بے حد کم ہے لیکن بھارتی مال سے تو پاکستان کی مارکیٹیں بھری ہوئی ہیں لہذا اگر جوابی کارروائی کے طور پر پاکستان میں بھارتی مال کا بائیکاٹ کر دیا جائے تو ان کا تو کروڑوں اربوں کا نقصان ہو جائے گا۔

بہرحال اس امر میں کوئی شک نہیں رہا ہے کہ جب سے بھارت میں بی جے پی کا اقتدار قائم ہوا ہے' ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پاکستان کے بارے میں نفرت پھیلائی جا رہی ہے' بھارت میں کوئی واقعہ ہو جائے' اس کا الزام پاکستان پر عائد کر دیا جاتا ہے' پھر بھارتی میڈیا جلتی پر مزید تیل ڈالنے کا کام کرتا ہے ۔ بھارت کے شہر ممبئی میں جو کچھ' یہ اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔جس تنظیم کے کارکنوں نے حملہ کیا ، وہ مسلمانوں اور پاکستان کے خلاف کھلے عام نفرت پھیلاتی ہے اور اسے کوئی روکنے والا نہیں ہے۔

بھارتی پالیسی سازوں نے بھارت میں مسلم دشمن ہندو تنظیموں کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے' یہ تنظیمیں دنگا کرتی ہیں' گھیراؤ جلاؤ کی مرتکب ہوتی ہیں لیکن قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرتے' ممبئی میں پاکستانی ملبوسات فروخت کرنے والے اسٹور پر حملہ کرنے والوں کو گرفتار کیا جانا چاہیے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے۔ پاکستان کو اس حوالے سے بھارت کو مناسب جواب دینا چاہیے۔