اسپاٹ فکسنگ؛ شاہ زیب حسن کی معطلی ختم کرنے کی اپیل

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 28 اپريل 2017
شاہ زیب حسن کو پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کے الزامات میں عبوری طور پر معطل کر دیا گیا تھا . فوٹو : فائل

شاہ زیب حسن کو پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کے الزامات میں عبوری طور پر معطل کر دیا گیا تھا . فوٹو : فائل

 لاہور: اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں معطل کرکٹر شاہ زیب حسن نے اپنی عبوری معطلی ختم کرنے کیلیے ٹربیونل میں اپیل دائر کردی۔

جسٹس (ر) اصغر حیدر کی سربراہی میں شاہ زیب حسن کی معطلی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، اس دوران شاہ زیب حسن نے اپنی عبوری معطلی ختم کرنے کیلیے ٹربیونل میں اپیل دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ تحقیقات مکمل ہونے تک انہیں کھیلنے کی اجازت دی جائے جس کے بعد ٹربیونل نے کیس کی مزید سماعت  25 مئی تک ملتوی کردی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :شاہ زیب حسن نے چارج شیٹ کا جواب جمع کروا دیا

پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ نے آرٹیکل 4.3 کے تحت خالد لطیف اور شاہ زیب کو دوبارہ تفتیش کیلیے طلب کیا تھا جس پر گزشتہ روز شاہ زیب حسن دوبارہ پیش ہوئے تھے جب کہ خالد لطیف نے اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پیشی سے انکار کردیا تھا جس کی وجہ سے ان کے خلاف چارج شیٹ میں مزید الزامات کا اضافہ کیے جانے کا امکان موجود ہے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے شاہ زیب حسن کو پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کے الزامات میں عبوری طور پر معطل کر دیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔