رینٹل پاور کیس میں نظر ثانی اپیل کی سماعت آج ہوگی

سپریم کورٹ میں نیب افسرکامران فیصل کی موت کا معاملہ بھی زیر بحث آنے کا امکان ہے


Numainda Express January 21, 2013
سپریم کورٹ میں نیب افسرکامران فیصل کی موت کا معاملہ بھی زیر بحث آنے کا امکان ہے فوٹو: فائل

چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3رکنی بینچ آج( پیر کو)کرایے کے بجلی گھروں کے منصوبے کے بارے میں فیصلے کے خلاف نظر ثانی درخواستوں کی سماعت کرے گا۔

کیس کی سماعت کے دوران نیب کے انکوائری افسر کامران فیصل کی موت کا معاملہ بھی زیر بحث آنے کا امکان ہے۔ رواں ہفتے سپریم کورٹ میں سندھ لوکل گور نمنٹ ایکٹ، ایفی ڈرین کیس ، این آئی سی ایل کیس کی سماعت بھی ہوگی۔چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری ،جسٹس گلزار احمد اور جسٹس شیخ عظمت سعید پر مشتمل بینچ فیصلے کے خلاف راجا پرویز اشرف اور دیگر کی نظر ثانی درخواستیں سنے گا۔آر پی پی کیس میں سپریم کورٹ نے نیب کو کارروائی کا حکم بھی دیا ہے ۔

رینٹل پاور کے 2 منصوبوں پیراں غائب اور ٹیکنو ساہو وال میں انکوائری ٹیم نے وزیر اعظم اور 15 دیگر افراد کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی سفارش کی ہے جبکہ نیب کے اعلٰیٰ حکام کا موقف ہے کہ ریفر نس دائر کرنے سے پہلے مزید تفتیش ہو نی چاہیے ۔دوسری طرف تفتیشی ٹیم کے ایک اہم رکن کامران فیصل اپنے کمرے میں مردہ پائے گئے تھے ان کی موت کو مبینہ خودکشی کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے تاہم قتل کو بھی رد نہیں کیا جا سکتا۔متوفی کے والدین اور نیب کے انکوائری افسران نے چیف جسٹس سے ازخود نوٹس لینے اور جوڈیشل انکوائری کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

7

این این آئی کے مطابق سپریم کورٹ میں (آج)پیر سے شروع ہونے والے ہفتے کے دور ان سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ اور وزیر داخلہ رحمٰن ملک کے خلاف توہین عدالت کیس سمیت مختلف مقدمات کی سماعت ہوگی ۔چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس افتخار محمد چوہدری نے اہم مقدمات اگلے ہفتے سماعت کیلیے مقرر کر دیے ہیں جس کے مطابق حج کرپشن اور اڈیالہ جیل کے قیدیوں کو حراستی مراکز میں رکھنے کا مقدمہ بھی سنا جائے گا۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ (کل)منگل کو ڈی آئی جی بشیر میمن کے تبادلے اور ایفی ڈرین کیس کی سماعت کرے گا۔ جمعرات کو کراچی میں زمینوں پر غیر قانونی قبضے، انتخابی فہرستوں کی تیاری اور پی آئی اے میں بے قاعدگیوں کا مقدمہ سنا جائے گا۔

مقبول خبریں