سینیٹ فیئر ٹرائل بل قائمہ کمیٹی کےسپرد منگل تک رپورٹ طلب

بل کے تحت6ایجنسیاں فون ٹیپ،ای میل کی نگرانی کرسکیں گی،زین سکھیراکی تقرری پرمخدوم شہاب کاجواب دینے سے گریز


Numainda Express January 24, 2013
ایوان کامران ہلاکت کانوٹس لے،جعفراقبال، وزارت مواصلات کے فنڈزگوجرخان منتقل کیے جارہے ہیں ،زاہدخان،رضاربانی کااحتجاج فوٹو: فائل

سینیٹ میں قومی اسمبلی سے منظور کردہ ''فیئر ٹرائل بل2012 '' پیش کردیاگیا، چیئرمین سینیٹ نیئرحسین بخاری نے بل مزید غور کیلیے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپردکردیا۔

بدھ کو ایوان بالا کا اجلاس چیئرمین نیئرحسین بخاری کی صدارت میں ہوا۔ وزیر قانون فاروق نائیک نے قومی اسمبلی سے منظور کردہ ''فیئر ٹرائل بل ''زیرغور لانے کی تحریک پیش کی،قائد حزب اختلاف اسحق ڈار نے کہا کہ قومی اسمبلی میں اس بل میں ہماری 33 ترامیم منظور کی گئی ہیں، اسے آج ہی منظور کرنے کے بجائے قائمہ کمیٹی کو بھجوایا جائے جس پر چیئرمین نے بل متعلقہ کمیٹی کے سپرد کرکے منگل تک رپورٹ طلب کرلی۔

بی بی سی کے مطابق ''فیئر ٹرائل بل '' کے تحت6 سیکیورٹی ایجنسیوں کو مشتبہ افراد کے ٹیلی فون ٹیپ اورای میل کی نگرانی کرنے جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شواہد اکٹھے کرنیکی اجازت ہوگی۔ق لیگ کے سیکریٹری جنرل اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین مشاہدحسین سیدنے نکتہ اعتراض پر بتایاکہ مقبوضہ کشمیر کے اخبارات میں ممکنہ ایٹمی جنگ کے اشتہارات اور خبروںکاسنجیدگی سے نوٹس لیاجائے ،ن لیگ کے سینیٹر جعفر اقبال نے بتایاکہ نیب کے تفتیشی افسر کامران فیصل کی ہلاکت کا تاحال ایف آئی آردرج نہ ہونا حیران کن امرہے، ایوان اس معاملے کا نوٹس لے۔

21

اے این پی کے سینیٹرزاہدخان نے کہاکہ وزارت مواصلات کے فنڈز گوجر خان منتقل کیے جارہے ہیں، راجا پرویز اشرف پورے ملک کے وزیراعظم ہیں،تمام فنڈزاپنے شہرمیںنہ لگائیں،وقفہ سوالات کے دوران زین سکھیرا کی تقرری سے متعلق سوال پر وفاقی وزیرآئی ٹی مخدوم شہاب الدین نے معلومات نہ ہونے کا کہہ کر جواب دینے سے گریز کیا اورایوان کو بتایاکہ جواب نہ دینے کومیری مجبوری سمجھاجائے تاہم انھوں نے ایوان کو بتایاکہ زین سکھیراکی تقرری کاکیس عدالت میںزیرسماعت ہے۔

اس موقع پرن لیگ کے سینیٹرجعفر اقبال نے کہاکہ جس طرح زین سکھیرا لا گریجویٹ تھے اور انھیں آئی ٹی کا کنسلٹنٹ مقررکیاگیا ،اسی طرح وزیر آئی ٹی بھی لا گریجویٹ ہیں مگر انھیںآئی ٹی کا وزیربنادیا گیا ہے، اسحق ڈارنے کہاکہ لگتاہے وفاقی وزیرنے تیاری نہیںکی ، چلیں سوال کاجواب چھوڑکرکوئی لطیفہ ہی سنادیں،آئی این پی کے مطابق رضاربانی نے18 ویں ترمیم کے باوجود وزارت تعلیم کے قیام سے متعلق اپنے سوال کاجواب نہ ملنے پر احتجاج کیا۔ اجلاس کی کارروائی آج جمعرات کی صبح ساڑھے دس بجے پھر شروع ہو گی۔