چیمپئنز ٹرافی کے لیے قومی کرکٹرز کی فٹنس جانچ لی گئی

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 19 مئ 2017
آج اورکل بارش کی وجہ سے انڈور پریکٹس تک محدود رہنے کا خدشہ موجود۔ فوٹو :فائل

آج اورکل بارش کی وجہ سے انڈور پریکٹس تک محدود رہنے کا خدشہ موجود۔ فوٹو :فائل

برمنگھم: چیمپئنز ٹرافی سے قبل پاکستانی کرکٹرزکی فٹنس جانچ لی گئی تاہم جم ٹریننگ کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

چیمپئنز ٹرافی کیلیے منتخب پاکستانی کرکٹرز کے تربیتی کیمپ کا برمنگھم میں آغاز ہو گیا، بدھ کی طرح جمعرات کو بھی ہلکی بارش ہوئی، خراب موسم کی وجہ سے مہمان ٹیم کی سرگرمیاں انڈور ٹریننگ تک محدود رہیں، پہلے روز تمام کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لیے گئے، فزیو شان ہیز اور دیگر کوچنگ اسٹاف کی موجودگی میں پلیئرز نے مختصر فاصلے کی اسپرنٹ میں اپنے اسٹیمنا کا امتحان دیا، جسمانی لچک بھی جانچی گئی، تمام کرکٹرز کی کارکردگی پر کوچز مطمئن دکھائی دیے۔

بعد ازاں ٹیم نے جم کا رخ کرتے ہوئے سخت ٹریننگ سے اپنی فٹنس بہتر بنانے پر کام کیا، ویٹ ٹریننگ اور اسٹریچنگ کے دوران بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اور دیگر اسٹاف بھی معاونت کرتا رہا، موسم کی مداخلت جمعے اور ہفتے کو بھی جاری رہنے کا خدشہ ہے۔

علاوہ ازیں اس صورت میں انڈور پریکٹس کرنا پڑے گی، یوں میگا ایونٹ سے قبل انگلش کنڈیشنز سے ہم آہنگی کیلیے لگائے جانے والے تربیتی کیمپ کے مقاصد حاصل کرنے میں پریشانی کا سامنا ہوسکتا ہے جبکہ پلان کے مطابق مہمان کرکٹرز کو بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ سیشنز کے ساتھ ٹارگٹ میچز بھی کھیلتے ہوئے درست کمبی نیشن تشکیل دینا ہے۔

یادر رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کا پہلا مقابلہ 4 جون کو روایتی حریف بھارت سے ہو گا، اس سے قبل  بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کیخلاف وارم میچز میں بھی تیاریاں جانچنے کا موقع ملے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔