ٹریبیونل میں بدسلوکی ہوئی بلیک میلرکہا گیا، وکیل خالد لطیف

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 19 مئ 2017
خالد لطیف ایک سے زیادہ دفعہ بکی سے ملے اور کبھی پی سی بی کو آگاہ نہیں کیا،قانونی مشیر پی سی بی تفضل رضوی . فوٹو: فائل

خالد لطیف ایک سے زیادہ دفعہ بکی سے ملے اور کبھی پی سی بی کو آگاہ نہیں کیا،قانونی مشیر پی سی بی تفضل رضوی . فوٹو: فائل

 لاہور: خالد لطیف کے وکیل نے ٹریبیونل کی کارروائی کے دوران بدسلو کی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں بلیک میلر کہا گیا ہے۔

ٹریبیونل میں سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرکٹر کے وکیل بدرعالم نے کہا کہ ہم کیس سے بھاگ نہیں رہے بلکہ پاکستانی قانون کے مطابق چلانے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ آج کی کارروائی میں ہم سے بد سلوکی کی گئی اور ہمیں بلیک میلر کہا گیا، آج ٹریبیونل کے سامنے خالد لطیف کے 10 فروری کو ریکارڈ کیے گئے انٹرویو کی ریکارڈنگ چلائی گئی۔ انٹرویو کے دوران کرکٹر کو بات مکمل نہیں کرنے دی گئی اور بار بار بات کاٹتے ہوئے مرضی کا بیان دینے کیلیے کہا گیا۔ بدر عالم نے مزید کہا کہ خالد لطیف متعدد بار ناصر جمشید کی آفرز کا انکار کرچکے ہیں اورانہوں نے ان آفرز کے بارے میں رپورٹ کیا تھا۔

بعد ازاں پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خالد لطیف کے وکیل کی جانب سے ٹریبیونل کو کالعدم قرار دینے کی درخواست مسترد ہو چکی ہے۔ کارروائی کے دوران وکیل کا رویہ درست نہیں تھا، وہ ٹریبیونل کی کارروائی سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، سماعت چھوڑنے کی دھمکیاں دی گئیں جس پر اسے بلیک میلنگ کی کوشش کہا۔ خالد لطیف ایک سے زیادہ دفعہ بکی سے ملے اور کبھی پی سی بی کو آگاہ نہیں کیا۔ ان کے بیگ سے بکی کی دی ہوئی گرپس برآمد ہوئی بلکہ وہ گرپ ان کے بیٹ پر چڑھی ہوئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔