حیدرآباد لوڈشیڈنگ کیخلاف مظاہرے ٹنڈو باگو میں ہڑتال

شہریوں نے دھرنے دے کر سڑکیں بلاک کر دیں، ٹریفک جام، گاڑیوں کی طویل قطاریں


Nama Nigar/Numainda Express August 01, 2012
شہریوں نے دھرنے دے کر سڑکیں بلاک کر دیں، ٹریفک جام، گاڑیوں کی طویل قطاریں فوٹو: فائل

بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے رمضان المبارک میں بھی شہریوں کا پیچھا نہ چھوڑا، زیریں سندھ کے مختلف شہروں میں بجلی کی طویل بندش کے خلاف شہریوں نے مظاہرے کیے اور دھرنے دیے جبکہ ٹنڈوباگو میں شٹر بند ہڑتال رہی۔ تفصیلات کے مطابق حکومتی دعوئوں کے برعکس ماہ رمضان میں بھی بجلی کی طویل علانیہ و غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے

جس کے باعث سحراورافطار کے اوقات میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، حیدرآباد کے علاقوں الشفیق کالونی، لالو ماچھی گوٹھ اور نواح کے مکینوں کا 24 گھنٹے سے بجلی بند ہونے پر صبرکا پیمانہ لبریز ہوگیا اور انھوں نے شہر کی مصروف ترین سبزی منڈی روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا ،مشتعل مظاہرین نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی جس کے نتیجے میں وہاں بد ترین ٹریفک جام ہوگیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ حیسکو حکام فنی خرابی کو جواز بنا کر گھنٹوں بجلی بند کر دیتے ہیں، مکرانی پاڑے میں خراب ٹرانسفارمر تبدیل نہ کرنے کے نتیجے میں48 گھنٹے سے بجلی کی بندش کے خلاف شہریوں نے آٹو بھان روڈ پر مظاہرہ کیا۔ مشتعل مظاہرین نے چاروں اطراف کی سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹائر جلا ئے اور ٹریفک معطل کر دی جس کے نتیجے میں گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی۔ ادھر ٹنڈوباگو میں بجلی کی طویل اور غیر علانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف منگل کو شٹر ڈائون ہڑتال کی گئی،

شہریوں نے خانصاحب جمالی ، عطا حسین جمالی ، یار محمد خاصخیلی اور فداحسین میمن کی قیادت میں باگوواہ چوک پر دھرنا دیا، جس کے باعث ٹریفک معطل ہوگئی ، مظاہرین نے بتایا کہ حیسکو انتظامیہ کی مبینہ لاپروائی کے باعث کئی کئی گھنٹے غیر علانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ، جبکہ رات کو بھی گھنٹوں بجلی بند رہتی ہے جس سے لوگوں کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی ہے، رمضان المبارک میں بجلی کی عدم فراہمی سے شہری اندھیرے میں سحری کرتے ہیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے