چاول کی برآمدات4ارب ڈالر تک پہنچانے کیلئے تعاون کرینگےسربراہ ٹی ڈی اے پی کی ایکسپورٹرز کو یقین دہانی

رائس ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے لیے فنڈزفراہم،ڈائریکٹر جنرل کیوآرسی کی لاہورتعیناتی پرتحفظات۔۔۔، عابد جاوید اکبر


Business Reporter January 27, 2013
ری فنانس ریٹ ودیگر امور پر ایکسپورٹرز کی گورنر اسٹیٹ بینک سے بات کرائی جائیگی، عشائیے سے جاویدغوری، عبدالرحیم جانو کا بھی خطاب۔ فوٹو : فائل

ٹریڈڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو عابد جاوید اکبر نے کہا ہے کہ رائس ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے لیے ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ فنڈ سے بھرپورتعاون فراہم کرینگے لیکن رائس ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کو اسٹیٹ آف دی آرٹ طرز پرتعمیر کرتے ہوئے ریسرچ اینڈڈیولپمنٹ بھی کی جائے۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ شب رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کی جانب سے دیے گئے عشائیے کے موقع پرکہی، اس موقع پرایسوسی ایشن کے چیئرمین جاوید علی غوری، سابق چیئرمین عبدالرحیم جانو، پیر ناظم حسین شاہ نے بھی خطاب کیا جبکہ عشائیے میں جاوید تارمحمد،عبدالروف چیپل، عثمان شیخ، حسین کھانڈ والا، محبوب پراچہ سمیت دیگر بھی موجودتھے۔ عابدجاوید اخترنے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کوکیوآر سی کے ڈائریکٹر جنرل کی لاہور تعیناتی سمیت فنڈز پرتحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کیوآرسی جن مقاصد کے لیے قائم کیا گیا اسکی افادیت اورکراچی سے چاول کی 95 فیصد برآمدات کومدنظررکھتے ہوئے فیصلہ کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان کی شناخت باسمتی چاول کے ذریعے ہوتی تھی، چاول کی برآمدات 4 ارب ڈالر تک پہنچانے کے لیے حکومت، وزارت تجارت اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی ہرممکن تعاون فراہم کریگی۔ انہوں نے کہا کہ چاول کے برآمدکنندگان کے ری فنانس کی شرح سمیت دیگر معاملات کیلیے گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے رائس ایکسپورٹرز کے عہدیداران کے ساتھ ملاقات کرائیں گے۔



انہوں نے کہا کہ چاول کی متعدد اقسام سمیت 386 کو باسمتی چاول کی منظوری کیلیے متعلقہ ادارے اور وزارت سے بات کریں گے۔ اس موقع پر چیئرمین رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان جاوید علی غوری نے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں باسمتی چاول کی برآمدات میں 53 فیصد اور نان باسمتی چاول کی برآمدات میں 11فیصد کمی پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے چاول کے برآمدکنندگان کودرپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں چاول کے برآمدکنندگان کے سوسے زائد یونٹس موجودہیں لیکن اسکے باوجود کیوآرسی کے ڈائریکٹرجنرل کی لاہور میں تعیناتی سمجھ سے بالاتر ہے۔

عبدالرحیم جانو نے کہا کہ چاول کے برآمدکنندگان کا 62 رکنی وفد چین کے دورے پر جلد روانہ ہوگا اور چائنا میں دوبریانی فیسٹول بھی کیے جائینگے تاکہ چینی مارکیٹ تک رسائی کوممکن بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کیوآرسی کے مسئلے کو جلدازجلد حل کیا جائے اور چاول کی برآمدات 4 ارب ڈالر تک پہنچانے میں حائل رکاوٹوں کو دورکیا جائے۔