لوڈ شیڈنگ اور 18 ہزار میگاواٹ پیداوار کی نوید

ملک میں بجلی کی پیداوار 18 ہزار 562 میگاواٹ تک پہنچ گئی جو ملکی تاریخ میں بجلی کی سب سے زیادہ پیداوار ہے


Editorial June 04, 2017
ملک میں بجلی کی پیداوار 18 ہزار 562 میگاواٹ تک پہنچ گئی جو ملکی تاریخ میں بجلی کی سب سے زیادہ پیداوار ہے . فوٹو: فائل

BAGHDAD: یہ خوش آئند اطلاع ہے کہ سندھ ہائی کورٹ کی ہدایت پر نیپرا ٹیم نے کراچی پہنچ کر ''کے الیکٹرک'' ہیڈ آفس کا دورہ کیا، انتظامی افسران سے ملاقاتیں کی اور بعد ازاں بن قسم پاور پلانٹ اور دیگر تنصیبات کا جائزہ لیا تا کہ عدالتی حکم کے تحت اس بات کا تعین کیا جائے کہ بجلی کمپنی نے سرمایہ کاری کی شرائط پوری کیں یا نہیں، ٹیم بجلی کی پیداوار یا ٹرانسمشن سسٹم میں خرابی کی جانچ پڑتال کر کے ذمے داروں کا تعین کریگی۔ بلاشبہ ملک گیر لوڈ شیڈنگ سے عوام کو نجات دلانا ناگزیر ہے، شہر قائد جب کہ اندرون سندھ، بلوچستان، پنجاب اور دیگر شہروں میں بھی رمضان کے پہلے نماز جمعہ کے دوران گھنٹوں بجلی غائب رہی۔

دریں اثنا وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک میں بجلی کی پیداوار 18 ہزار 562 میگاواٹ تک پہنچ گئی جو ملکی تاریخ میں بجلی کی سب سے زیادہ پیداوار ہے، انھوں نے ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میںکہا کہ سرکاری تھرمل پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار 3028 میگاواٹ، نجی شعبے کے بجلی گھروں سے9770 میگاواٹ اور پانی سے5764 میگاواٹ ہے، حکومت ملک کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کا اپنا وعدہ پورا کریگی، ادھر وزارت پانی و بجلی کے حکام کے مطابق گدو پاور پلانٹ میں نئے کمپیریسرز کی تنصیب اور مرمت کے بعد پلانٹ سے بجلی کی پیداوار 1300 میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے، ارسا کیجانب سے پانی کے اخراج میں اضافے کے باعث بجلی کی پیداوار میں مزید 500 سے 800 میگاواٹ اضافہ متوقع ہے، گدو پاور پلانٹ کے ایک اور کمپریسرکی مرمت کے بعد مزید 150 میگاواٹ سسٹم میں آ جائے گی اور پلانٹ سے بجلی کی پیداوار 1650 میگاواٹ تک پہنچ جائے گی۔

ادھر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شکایت کی کہ وفاقی حکومت وعدے کے باوجود بدترین لوڈ شیڈنگ کر کے سندھ کے عوام سے انتقام لے رہی ہے، مجھے سمجھایا جائے جو بجلی پیدا ہو رہی ہے وہ کہاں دی جا رہی ہے، سندھ میں تو 20، 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، وزیر اطلاعات سندھ سید ناصرحسین شاہ نے کہا ہے کہ ایک طرف ہمیں بجلی نہیں دی جا رہی ہے اور دوسری جانب سندھ میں لوڈشیڈنگ کا مارشل لا نافذکر دیا گیا ہے۔

بہر کیف بجلی بحران ملک کا اہم ایشو ہے، لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے معمولات زندگی درہم برہم ہوئے ہیں، کیونکہ توانائی سے ملکی معیشت جڑی ہوئی ہے، بجلی بنیادی سہولت ہے جو عوام کو ہر حال میں ملنی چاہیے۔ بلاشبہ 18 ہزار میگاواٹ سے زاید بجلی کی پیداوار ایک بریک تھرو ہے مگر رواں سال 23,000 ہزار میگاواٹ کا ٹارگٹ پورا ہونا ابھی باقی ہے۔