جے سوریا سری لنکا کے نئے کرکٹ چیف سلیکٹر مقرر

ورلڈ کپ فاتح کپتان ارجنا رانا ٹنگا نے بورڈکے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کرلیا۔


Sports Desk January 29, 2013
ورلڈ کپ فاتح کپتان ارجنا رانا ٹنگا نے بورڈکے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کرلیا۔ فوٹو : فائل

SWAT: سابق کپتان سنتھ جے سوریا کو سری لنکا کا نیا چیف سلیکٹر مقرر کردیا گیا۔

وزیر کھیل مہندا آننداالوتھگامگے نے یہ فیصلہ خاص طور پر ٹیسٹ کرکٹ میں بہتری کے لیے کیا، سنتھ جے سوریا حکمران پارٹی کے ممبر پارلیمنٹ بھی ہیں، ان کی زیر سربراہی پینل میں ہیمانتھا وکرما رتنے، پرامودیا وکرماسنگھے، چمندا مینڈس اور ایرک اپاشانتھا شامل ہیں، وکرمارتنے ایک سابق ون ڈے کرکٹر اور گذشتہ سلیکشن پینل میں بھی شریک رہے۔

وکرما سنگھے بھی جے سوریا کے ہمراہ 1996 کی ورلڈ کپ فاتح ٹیم کا حصہ رہے ہیں، مینڈس بھی ایک سابق ون ڈے پلیئر اور اس سے قبل بھی مختلف مواقع پر سلیکٹر رہ چکے ہیں، اپاشانتھا پہلی مرتبہ سلیکشن پینل میں شامل ہوئے۔ وزیر کھیل الوتھگامگے نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کے بعد نیا مضبوط سلیکشن پینل تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا۔



دریں اثنا سابق ورلڈ کپ فاتح کپتان ارجنا رانا ٹنگا سری لنکا کرکٹ کے انتخابات میں حصہ لیں گے، ان کا کہنا ہے کہ اگر بورڈ میں سیاسی مداخلت نہیں ہوئی تو میں رواں برس ہونے والے انتخابات میں حصہ لے کر آئی لینڈ کرکٹ کے معاملات درست کرنے کی کوشش کروں گا، انھوں نے کہا کہ اس وقت بورڈ میں بہت زیادہ سیاسی مداخلت ہورہی جس کی موجودگی میں کام کرنا بہت مشکل ہے، مجھ سے چند ایفیلیٹ کلبز نے ملاقات کرکے انتخابات میں حصہ لینے کی درخواست کی جبکہ کچھ کلبز آفیشلز مجھ سے میٹنگ کی خواہش ظاہر کرچکے ہیں۔

مقبول خبریں