پروٹیز کیخلاف ٹیسٹ سے قبل پاکستانی پیس بیٹری چارج

انوی ٹیشن الیون سے چار روزہ میچ موسم کے سبب ڈرا، عرفان نے2، عمر گل اور جنید خان نے ایک، ایک پلیئر کو آئوٹ کیا۔


Sports Desk January 29, 2013
انوی ٹیشن الیون سے چار روزہ میچ موسم کے سبب ڈرا، عرفان نے2، عمر گل اور جنید خان نے ایک، ایک پلیئر کو آئوٹ کیا۔ فوٹو : فائل

جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ٹیسٹ سے قبل پاکستانی پیس بیٹری چارج ہو گئی، جنوبی افریقہ انوی ٹیشن الیون کیخلاف چار روزہ میچ موسم کے سبب فیصلہ کن ثابت نہ ہوسکا، البتہ فاسٹ بولرز نے101 رنز پر 4 ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں کو آئوٹ کر کے صلاحیتوں کی جھلک دکھا دی۔

محمد عرفان نے 2جبکہ عمر گل اور جنید خان نے ایک، ایک پلیئر کو آئوٹ کیا، پانچویں وکٹ اسپنر سعید اجمل کو ملی،323 کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے میزبان سائیڈ نے کم روشنی کے سبب قبل از وقت کھیل ختم ہونے تک5 وکٹ پر 190 رنز اسکور کیے، کپتان جسٹن اونٹونگ نے ناقابل شکست نصف سنچری بنائی۔

تفصیلات کے مطابق بفیلو پارک ایسٹ لندن میں چوتھے روز مہمان سائیڈ نے 5 وکٹ پر 240رنز سے نامکمل دوسری اننگز شروع کی، ایبٹ نے سرفراز احمد (19) کو مزید رنز بنانے کی مہلت دیے بغیر ایل بی ڈبلیو کر دیا، انھوں نے کپتان مصباح الحق (55) کوبھی گذشتہ اسکور میں 4رنز ہی جوڑنے کا موقع دیتے ہوئے وکٹیں اکھاڑ پھینکیں، سعید اجمل (صفر) کیساتھ یہی سلوک ہینڈرکس نے کیا۔



جبکہ ایبٹ نے عمر گل (6) کو بولڈ کر کے اپنی چوتھی وکٹ حاصل کی، اس کیلیے انھوں نے 26 رنز دیے، جنید خان صفر پر ناٹ آئوٹ رہے، 84.4 اوورز میں9 وکٹ پر 250 کے اسکور پر پاکستان نے اننگز ڈیکلیئرڈ کر دی، اسکے بعد فاسٹ بولرز نے حریف بیٹسمینوں کا امتحان لینا شروع کیا،کم وقت میں323 کے ناممکن ٹارگٹ کا پیچھا کرنے والی جنوبی افریقہ انوی ٹیشن الیون کے پوٹک صرف 7 رنز بنا کر جنید کا نشانہ بن گئے۔

کیچ اسد شفیق نے تھاما،اسی انفرادی عمر پر عمرگل نے وین زیل کو بولڈ کر دیا، یوں 33 پر 2 وکٹیں گر گئیں، جیکبز اور چھیٹی اسکور کو70 تک لے گئے، ایسے میں مختصر وقت کے دوران عرفان نے دونوں کو پویلین بھجوا دیا، ڈیوی جیکبز(36) کا کیچ یونس خان نے وصول کیا جبکہ کوڈی چھیٹی(29) نے عمر گل کو کیچ تھمایا، وین جارسویلڈ (43) کا سعید اجمل نے اپنی ہی گیند پر کیچ لیا،جس وقت ٹی ٹائم کے بعد کم روشنی کے سبب کھیل ختم ہوا اونٹونگ 51اور ولاس8رنز پر ناٹ آئوٹ تھے۔

مقبول خبریں