ویمنز وارم اپ میچ بھارت نے نیوزی لینڈ کو8 وکٹ سے پچھاڑ دیا

سری لنکا کو ممبئی کمبائنڈ الیون کے ہاتھوں چار وکٹ سے شکست ، انگلینڈ اور آسٹریلیا نے اپنے میچز جیت لیے۔


Sports Desk January 29, 2013
ممبئی: ویسٹ انڈیز کیخلاف وارم اپ میچ میں آسٹریلوی ویمن کرکٹر جیس کیمرون کا کٹ شاٹ، انھوں نے نصف سنچری بناکر ٹیم کی فتح میں اہم کردار نبھایا۔ فوٹو : اے ایف پی

آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 8 وکٹ سے پچھاڑ دیا۔

202 کے آسان ہدف کو میزبان ٹاپ آرڈرکھلاڑیوں نے آسانی سے حاصل کرلیا،اوپنرز پونم راوت (69) اور تھرش کامینی (43) نے 27اوورز میں 119رنز جوڑے،کپتان متھالی راج اور ہرمن پریت کور نے بالترتیب 36 اور46 ناقابل شکست رنز بنائے،اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹاپ تین وکٹیں 44 رنز پر گرچکی تھیں، سارا میک گلیشن 56 اور فرانسیس میک کے 69 رنز نے ٹیم کو کچھ سہارا دیا لیکن ٹیم 47.5اوورز میں 201 رنز ہی بناسکی۔ دوسرے میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو51 رنز سے ہراکر اپنے اعزاز کو برقرار رکھنے کا اشارہ دے دیا۔



حریف کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرنے والی فاتح سائیڈ کی اوپنر شارلٹ ایڈورڈز نے78 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی،لڈیا گرین وے نے35 اور ہیدر نائٹ نے42 رنز بنا کر مجموعی اسکور 270تک پہنچایا، جنوبی افریقہ کی شاندرے فرزجلد آؤٹ ہو گئیں، تریشا شیٹی (57)اور مگنن دو پریز(64ناٹ آؤٹ) نے اسکور کو آگے بڑھایا لیکن مطلوبہ اسکورنگ ریٹ میں اضافہ ہوتا رہا،وکٹوں کے مسلسل گرنے سے ہدف ناقابل حصول ثابت ہوا۔ ایم آئی جی گراؤنڈ پر آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو 135رنزکے بڑے مارجن سے زیر کیا۔

کینگرو اوپنرزایلس ویلانی (50) اور راشیل ہینز (61) نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور کو 165 تک پہنچایا، جیس کیمرون (62)اور لیزا شالیکر (59) نے مجموعے کو333 تک پہنچا دیا،ویسٹ انڈیز کا آغاز بہتر رہا اور ڈینڈرا ڈوٹن 52نے اننگز کو کچھ سنبھالا، دیگر چار کھلاڑیوں نے صرف 50 رنز بنائے جس سے ہدف کا حصول مشکل ہوگیا، 26ویں اوور میں ڈوٹن کے پویلین واپس پہنچنے کے بعد آسٹریلیا نے بقیہ کھلاڑیوں کو جلد ڈریسنگ روم کا راستہ دکھاکر فتح حاصل کرلی۔ سری لنکا کو ممبئی کمبائنڈ الیون کے ہاتھوں چار وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا،ناکام سائیڈ کے مجموعی اسکور 189کے جواب میں ممبئی کمبائنڈ نے ٹارگٹ 6وکٹ پر حاصل کرلیا، اشوتوش سنگھ ( 49) اور ابھیشک ڈیسائی (34) نمایاں بیسٹویمن رہیں۔

مقبول خبریں