نئے صوبے کا نعرہ کالاباغ ڈیم جیسا کھلواڑہےجاوید لطیف

نیاصوبہ آئینی طور پربنایاجارہا ہے،سعیدغنی،حکومت سیاسی کھیل رہی ہے،ہمایوں اختر


Monitoring Desk January 29, 2013
ایک نہیںاورصوبے بھی بننے چاہئیں،اسرارشاہ’’لائیو ود طلعت‘‘میں عامرالیاس راناکی بھی گفتگو فوٹو : فائل

ISLAMABAD: ن لیگ کے رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نئے صوبے بنانے میں سنجیدہ نہیں، یہ صرف انتخابی نعرہ ہے۔

یہ اسی طرح کا کھلواڑ ہے جس طرح کالا باغ ڈیم کے ساتھ ہوا ہے۔ ایکسپریس نیوز کے پروگرام ''لائیو ود طلعت ''کے میزبان طلعت حسین کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا اگرامن و امان بہتر ہوتا ہو، لوگوں کے مسائل حل ہوتے ہوں یا بیروزگاری ختم ہوتی ہو تو نئے صوبے ضرور بننے چاہیئں مگر یہ لسانی بنیاد پر نہیں بننے چاہیئں۔

پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا کہ نیا صوبہ آئینی طور پربنایا جا رہا ہے،جولوگ اعتراض کر رہے ہیں انھیں کمیشن کا حصہ بن کراعتراضات داخل کرنے چاہیئں تھے۔ق لیگ ہمخیال کے رہنما ہمایوں اخترنے کہا پنجاب اسمبلی کی واضح قرارداد ہے کہ صوبہ بہاولپورکوبحال کیاجائے اور جنوبی پنجاب میں نیا صوبہ بنایا جائے۔ نئے صوبے کے بارے میں بنائے گئے کمیشن میں حکومت پنجاب کی نمائندگی ہی نہیں ہے ۔ حکومت سیاسی کھیل کے ذریعے افراتفری نہ پھیلائے،تمام کام جلد بازی میں کیے جا رہے ہیں،بھکراور میانوالی کو بھی شامل کیا جا رہا ہے ۔



سنجیدہ کام اس طرح نہیں کیے جاتے۔ تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹراسرار شاہ نے کہا نئے صوبوں کے معاملے صرف یہی صوبہ نہیں بلکہ اور صوبے بھی بننے چاہیئں۔ یہ واقعی سیاسی اسٹنٹ ہے۔ ایکسپریس نیوز کے رپورٹرعامرالیاس رانا نے کہا کہ بھکراورمیانوالی کے لوگ پریشان ہیں کہ ان کے علاقے کوکیوں نئے صوبے میں شامل کیاجارہا ہے۔ حکومت نیا صوبہ بنانے میں سنجیدہ نہیں۔ مخدوم احمد محمود جب گورنرنہیں بنے تھے توبہاولپور صوبے کی بحالی کی تحریک چلارہے تھے۔ تاہم وہ گورنر بنتے ہی وہ یہ سب بھول گئے۔