حصص مارکیٹ اتار چڑھاؤ کے بعد 399 پوائنٹس ریکور

571 پوائنٹس کی مندی کے بعد خریداری، انڈیکس 48071پرآگیا، بیشتر کمپنیوں کی قیمتیں بڑھ گئیں


Business Reporter June 14, 2017
مارکیٹ سرمائے میں42 ارب روپے کا اضافہ، کاروباری حجم45فیصد زائد،31 کروڑ 71 لاکھ حصص کے سودے فوٹو: فائل

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو اتارچڑھاؤ کے بعد دوبارہ تیزی رونما ہوئی جس سے انڈیکس کی48000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد ایک بارپھر بحال ہوگئی، 53.43 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں42 ارب4 کروڑ13 لاکھ45 ہزار 658 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

کاروباری دورانیے میں حصص کی فروخت میں شدت کے باعث ایک موقع پر 570.73 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی جس سے انڈیکس47101 پوائنٹس کی حد تک گرگیا تھا لیکن اس دوران شعبہ جاتی بنیادوں پر بڑھتی ہوئی خریداری سرگرمیوں کے باعث مندی تیزی میں تبدیل ہوگئی جو ایک موقع پر837.75 پوائنٹس کی تیزی تک جاپہنچی تھی لیکن اختتامی لمحات میں پرافٹ ٹیکنگ کی وجہ سے تیزی کی شرح میں کمی ہوئی۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس399.24 پوائنٹس کے اضافے سے 48071.04 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 305.82 پوائنٹس کے اضافے سے 25070.45 ، کے ایم آئی30 انڈیکس488.42 پوائنٹس کے اضافے سے82006.77 اور پی ایس ایکس کے ایم آئی انڈیکس43.79 پوائنٹس کے اضافے سے 23442.35 ہو گیا، کاروباری حجم پیر کی نسبت44.58 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر31 کروڑ 71 لاکھ76 ہزار530 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 378 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں160 کے بھاؤ میں اضافہ، 202 کے داموں میں کمی اور16 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

مقبول خبریں