رمضان کے دوران اسپلٹ اے سی کی فروخت میں نمایاں اضافہ

عیدکیلیے بھی اے سی، ریفریجریٹرز و دیگر گھریلو برقی آلات کی خریداری چاندرات تک جاری رہی


Business Reporter June 26, 2017
گرمی کی شدید لہر کی وجہ سے اے سی کی فروخت میں اضافے کا رجحان رہا، الیکٹرونک ڈیلرز۔ فوٹو وکی پیڈیا

رمضان کے دوران گرمی کی لہر کی وجہ سے ملک بھر میں اسپلٹ ایئرکنڈیشنرز کی فروخت میں نمایاں اضافے کا رجحان رہا۔

کراچی الیکٹرونک ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان کے مطابق رمضان میں گرمیوں کی وجہ سے اسپلٹ اے سی کی فروخت میں نمایاں اضافہ رہا۔ اندازے کے مطابق صرف کراچی میں صدر الیکٹرانکس مارکیٹ سے 15ہزار کے لگ بھگ اسپلٹ رمضان کے دوران فروخت کیے گئے تاہم سیاسی حالات بجلی کے بحران اور بینکوں کی جانب سے کریڈٹ کارڈز کا اجرا بند کیے جانے اور ذاتی و گھریلو سامان کی خریداری کے لیے قرضوں پر بلند شرح سود وصول کیے جانے کی وجہ سے اسپلٹ سمیت دیگر الیکٹرانکس مصنوعات کی فروخت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافہ نہیں ہوسکا تاہم عید کے فوری بعد شادی بیاہ کا سیزن شروع ہونے کی وجہ سے گھریلو برقی آلات کی فروخت میں نمایاں اضافے کی توقع ہے۔

دکانداروں کے مطابق شہر میں زیادہ تر ڈیڑھ ٹن کے اسپلٹ اے سی فروخت ہوتے ہیں جبکہ کمرشل دکانوں اور چھوٹے فلیٹس کے لیے ایک ٹن کا اسپلٹ زیادہ فروخت ہوتا ہے۔ گزشتہ چند سال سے شہر کی مساجد میں بھی اسپلٹ اے سی کی تنصیب میں اضافہ ہوگیا ہے تاہم مساجد کے لیے زیادہ تر ٹاور اے سی خریدے جاتے ہیں۔

اسپلٹ اے سی کی نئی انورٹرٹیکنالوجی کے حامل اسپلٹ کی فروخت عام اسپلٹ کے مقابلے میں 200فیصد تک زیادہ ہے اسپلٹ فروخت کرنے والی معروف برانڈز میں اورینٹ، گری، ہائر، ڈاؤلینس، مٹسوبیشی، کینووڈ، ایکسون، ایل اجی، سام سنگ، پیل، پیناسونک، شارپ اور چینگ ہونگ روبا شامل ہیں۔

موسم گرما کے سیزن میں اسپلٹ فروخت کرنیوالی متعدد کمپنیوں نے صارفین کے لیے خصوصی پروموشنل آفرز بھی متعارف کرائی ہیں جن میں اسپلٹ کی خریداری پر تحائف اور مفت ڈلیوری یا انسٹالیشن کی سہولت شامل ہے۔

اے سی کی فروخت بڑھنے کے ساتھ پرانے اے سی کی سروس کا کام بھی چاند رات تک جاری رہا شہریوں کی بڑی تعداد نے عید کی تعطیلات کے دوران گرمی سے بچنے اور مہمانوں کی سہولت کے لیے اپنے پرانے اے سی کی سروس اور گیس ری چارج کو ترجیح دی جس کی وجہ سے اے سے کی سروس کرنے والوں کی چاندی ہوگئی۔اسپلٹ اے سی کے بعد سب سے زیادہ ریفریجریٹرز فروخت کیے گئے جبکہ ایل ای ڈی اسکرینز اور مائکروویز کی فروخت بھی معمول سے زائد رہی۔

مقبول خبریں