او آئی سی کی سربراہ کانفرنس آج مصرمیں شروع ہوگی

حنا ربانی کھر پاکستان کی نمائندگی کریں گی،مصری قیادت سے بھی ملیں گی


INP February 06, 2013
حنا ربانی کھر پاکستان کی نمائندگی کریں گی،مصری قیادت سے بھی ملیں گی فوٹو رائٹرز

ISLAMABAD: اسلامی تعاون تنظیم(اوآئی سی ) کی دوروزہ سربراہ کانفرنس (آج) بدھ کومصر کے دارالحکومت قاہرہ میں شروع ہوگی۔

وزیرخارجہ حنا ربانی کھر کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔امت مسلمہ سے متعلق اہم امور پر پاکستان کے نکتہ نظرکوواضح کرنے کے ساتھ سربراہ کانفرنس کومقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی حالت زارسے آگاہ کریں گی۔حنا ربانی کھرسیکریٹری جنرل اکمل الدین احسان اگلوکے ساتھ کشمیررابطہ گروپ کے اجلاس کی مشترکہ صدارت بھی کریں گی۔



آزادکشمیر کے صدرسردار محمد یعقوب خان اور کشمیری عوام کے نمائندے بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے تجاویزپرمشتمل ایک یادداشت بھی اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل کو پیش کی جائے گی۔حنا ربانی کھرمصری قیادت اوراسلامی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں کے اعلیٰ عہدیداروں سے بھی ملاقات کریں گی۔