ڈرون حملوں کی پیشگی اجازت کیلیے ’’ڈرون کورٹ‘‘ بنانے کی تجویز

’ڈرون کورٹ‘کی تجویز سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس میںپیش کی گئی


APP February 10, 2013
سی آئی اے کے نامزد سربراہ جان برینن بھی موجود تھے،تجویزکاجائزہ لے رہے ہیں،ڈرون کورٹ کے فوری قیام کا امکان نہیں، وائٹ ہاؤس. فوٹو: رائٹرز/ فائل

امریکی ارکان سینیٹ نے ڈرون حملوں کی منظوری کے لیے ڈرون کورٹ کے قیام کی تجویز پیش کردی۔ غیرملکی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ڈرون کورٹ کے قیام کی تجویز گزشتہ روز سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس کے موقع پر پیش کی گئی۔

سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی میں سی آئی اے کے نامزد سربراہ جان برینن اپنے عہدے کی توثیق کے لیے پیش ہوئے تھے۔ واضح رہے کہ جان برینن کو ڈرون حملوں کا ماسٹر مائنڈ سمجھا جاتا ہے اور سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے کئی ارکان ڈرون کورٹ کے قیام کے حامی ہیں جس کے مطابق کسی بھی ڈرون حملے سے پہلے عدالت سے اس کی منظوری لینا ضروری ہوگا۔

8

دوسری جانب کچھ سینیٹرز کا کہنا ہے کہ صرف انھی ڈرون حملوں کی عدالت سے منظوری لی جائے جن میں امریکی افراد کو نشانہ بنایا جانا ہو جبکہ وائٹ ہائوس کے ترجمان نے کہا ہے کہ ڈرون کورٹ کے قیام کی تجویز کا جائزہ لیا جارہا ہے تاہم مستقبل قریب میں اس کے قیام کا کوئی امکان نہیں۔