جدید ہتھیار اور ٹیکنالوجی کراچی پولیس کی ضرورت

سندھ پولیس کے سربراہ نے کراچی کا نظام چلانے والی پولیس فورس کو نئی گائیڈ لائن بھی دی


Editorial July 30, 2017
سندھ پولیس کے سربراہ نے کراچی کا نظام چلانے والی پولیس فورس کو نئی گائیڈ لائن بھی دی ۔ فوٹو: فائل

سندھ پولیس دس ہزار 9 ایم ایم پسٹل، دو ہزار 12 گیج پمپ ایکشن شاٹ گنز کو کراچی پولیس کے لیے حاصل کر رہی ہے جسے بڑھتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کے لیے آسانی سے استعمال ہونے والے ہتھیار ضروری ہیں۔ یہ معلومات آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں دی گئیں جو کراچی میں تین پولیس افسروں اور اہلکاروں کی ہلاکت پر غور کرنے کے لیے منعقد ہوا۔ اجلاس میں پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی بھی زیربحث آئی۔

سندھ پولیس کے سربراہ نے کراچی کا نظام چلانے والی پولیس فورس کو نئی گائیڈ لائن بھی دی۔ اجلاس میں بہت سے فیصلے بھی کیے گئے۔ سندھ پولیس چیف نے پولیس فورس کو باقاعدگی سے مشقوں میں شرکت کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انھوں نے مزید بتایا کہ پولیس کی پرانی گاڑیوں کو نئی اور بہتر گاڑیوں کا بیڑا دینے کی خوشخبری بھی سنائی۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ پولیس جن ملزموں کا مقابلہ کرتی ہے ملزموں کے ہتھیار اور اسلحہ پولیس سے کہیں زیادہ بہتر ہوتا ہے۔ نیز ان کی گاڑیاں بھی کہیں زیادہ تیز رفتار ہوتی ہیں۔ پولیس کے ملزموں پر کامیابی سے قابو پانے کے لیے ملزموں کے مقابلے میں زیادہ بہتر اسلحہ اور ہتھیار وغیرہ ضروری ہیں جس سے کوئی مفر ممکن نہیں۔ خصوصاً کراچی جیسے میگاسٹی میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر پر قابو پانے کے لیے پولیس کو جدید ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی سے لیس کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔