مشرف ڈرپوک آدمی طاہرالقادری انارکی پھیلانے آئے حنیف عباسی

الیکشن کمیشن اتفاق رائے سے بنا، طاہر القادری نے پارلیمنٹ کو چیلنج کر دیا، عاصمہ ارباب


Monitoring Desk February 12, 2013
پاکستانی سیاست دو جلسوں کی مار ہے، مشرف آ رہے ہیں، احمدرضاقصوری’کل تک‘میں گفتگو فوٹو : فائل

ن لیگ کے رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ طاہر القادری کی پٹیشن پر جو فیصلہ دے گی ہمیں قبول ہوگا۔ پرویز مشرف، تحریک انصاف، ق لیگ کا مقصد صرف یہ ہے کہ یہ کسی طرح اقتدارکی چلتی گاڑی میں سوارہوجائیں۔

ایکسپریس نیوزکے پروگرام 'کل تک' میں میزبان جاوید چوہدری سے گفتگو میں حنیف عباسی نے کہاکہ طاہرالقادری کی پٹیشن ٹھیک ہے یا غلط یہ فیصلہ عدالت کو کرنا ہے لیکن ن لیگ کو اقتدار میں پہنچنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ یہ لوگ عین الیکشن کے وقت آئے ہیں تاکہ ملک میں انارکی پھیلے اور الیکشن نہ ہوں یا تاخیر کا شکار ہوجائیں۔ طاہرالقادری امداد دینے والوں میں سے نہیں امداد لینے والوں میں سے ہیں۔ اسلام کے نام پر لوگوں سے پیسہ اکٹھا کیا ہوا ہے۔



پرویزمشرف ایک ڈرپوک آدمی ہے میں اس کو جرنیل نہیں مانتا اس کی نسبت سرحد پر لڑنے والا فوجی زیادہ قابل عزت ہے پرویز مشرف کو سزائے موت ہونی چاہیے۔ پیپلزپارٹی کی رہنما عاصمہ ارباب عالمگیر نے کہاکہ الیکشن کمیشن سب کے اتفاق رائے سے بنا ہے بدقسمتی سے طاہرالقادری نے عین وقت پر حالات خراب کردیے۔ تمام سیاسی پارٹیاں ایک سیاسی سسٹم کے تحت چل رہی تھیںکسی سیاسی پارٹی نے سسٹم کو ڈی ریل کرنے کی کوشش نہیں کی لیکن طاہرالقادری نے ساری پارلیمنٹ کو چیلنج کردیا۔ سینیئر قانون داں احمد رضا قصوری نے کہا طاہرالقادری کی پٹیشن پر سپریم کورٹ کی کارروائی عوام کو خوش کرنے کے لیے تھی۔

دوہری شہریت رکھنے والے الیکشن میں حصہ نہیںلے سکتے لیکن پاکستان میں ووٹ ضرور ڈال سکتے ہیں۔ طاہرالقادری اپنی وکالت خود کررہے ہیں،ہم ان کی مشاورت کررہے ہیں۔ طاہرالقادری کا موقف بالکل ٹھیک ہے،ان کی بات میں وزن ہے لیکن فیصلہ عدالتیں کرتی ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر پر کوئی اعتراض نہیں لیکن باقی 4 کی اسکروٹنی ٹھیک نہیں ہوئی۔ پاکستان کی سیاست 2جلسوں کی مار ہے پرویز مشرف پاکستان آرہے ہیں اور وہ نوازشریف کی طرح بھاگے گانہیں۔