بھارت کا یوم آزادی، مقبوضہ کشمیر فوجی چھاؤنی میں تبدیل

خبر ایجنسیاں  ہفتہ 12 اگست 2017
مختار احمد وازہ گرفتار،بھارت نے نہتے شہریوں کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے، حریت قیادت۔ فوٹو : اے ایف پی

مختار احمد وازہ گرفتار،بھارت نے نہتے شہریوں کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے، حریت قیادت۔ فوٹو : اے ایف پی

 سری نگر:  مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی انتظامیہ نے 15اگست کو بھارتی یوم آزادی کے پیش نظر پوری مقبوضہ وادی خاص طور پر سرینگر میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں۔

سری نگر سے شائع ہونے والے ایک انگریزی اخبارکی رپورٹ کے مطابق انتظامیہ نے پوری مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز کو انتہائی ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ سری نگر میں بخشی اسٹیڈیم جہاں بھارتی یوم آزادی کی نام نہاد سرکاری تقریب کا انعقاد ہوگا کے اطرا ف میں بڑی تعداد میں قابض اہلکار تعینات کر کے انھیں انتہائی چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہریوں سے جگہ جگہ شناختی کارڑ طلب کیے جا رہے ہیں۔ پہلے ہی قابض بھارتی فورسزکے جبر واستبداد کے باعث انتہائی مشکلات سے دوچار کشمیری عوام کیلیے بھارتی یوم آزادی مزید مشکلات لے آیا ہے۔

دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اوریاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے کہا ہے کہ قابض بھارتی فورسز نے پوری مقبوضہ وادی خاص طور پر جنوبی اضلاع میں نہتے کشمیریوں کیخلاف ایک جنگ چھیڑ رکھی ہے۔

بھارتی آئین کے آرٹیکل 35 اے کی منسوخی کے بھارت کے منصوبوں کے خلاف آج مکمل ہڑتال کی جائے گی۔ مظاہرین نے آزادی اور پاکستان کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کیے۔

مشترکہ قیادت نے سرینگر میں جاری بیان میں ترال کے علاقے گلاب باغ میں پر امن مظاہرین پر فائرنگ کے نتیجے میں سولہ سالہ طالب علم محمد یونس شیخ کے قتل اور کئی دیگر افراد کے زخمی ہونے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس پورے علاقے کو بھارتی فورسز کے رحم و کرم پر چھوڑدیا گیا ہے۔ آج ہفتہ مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی کال دیتے ہوئے لوگوں سے اسے کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔

قیادت نے بھارتی تحقیقاتی ادارے کی طرف سے آزادی پسند رہنماؤں شبیر احمد شاہ، ایاز اکبر، شاہد الاسلام، اور فاروق احمد ڈارکو تہاڑ جیل منتقل کرنے اور الطاف احمد شاہ، پیر سیف اللہ ،معراج الدین کلوال ، نعیم احمد خان کے علاوہ سید علی گیلانی کے صاحبزادوں ڈاکٹر نعیم گیلانی اور ڈاکٹر نسیم گیلانی، تاجر برادری سے وابستہ افراد کو پوچھ تاچھ کے نام پر ہراساں کرنے کو بدترین سیاسی انتقام گیری قرار دیا۔

دوسری جانب بھارتی پولیس نے حریت رہنماء اور جموں وکشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ کو کارکنوں کے ہمراہ اسلام آباد قصبے کے علاقے کاڈی پورہ میں ان کی رہائش گاہ کے باہر سے گرفتار کرلیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔