آباد انٹرنیشنل ایکسپو اختتام پذیر کم لاگت مکانات کیلیے عوام نے 70 ہزار درخواستیں جمع کرا دیں

تین روزہ نمائش میں225 ارب روپے مالیت کے کاروباری معاہدے طے پائے۔


Ehtisham Mufti August 15, 2017
کم لاگت رہائشی پروجیکٹ کی کامیابی پر آباد سماجی پروگرام کو توسیع دیتے ہوئے مرحلہ وار بنیادپر2 لاکھ مکانات بنائے گی، محسن شیخانی۔ فوٹو : ایکسپریس

ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے تحت منعقدہ تین روزہ آباد انٹرنیشنل ایکسپو2017 پیر کو رات گئے یوم آزادی کے سلسلے میں شاندار آتشبازی کے پروگرام کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔

آباد ایکسپو میں متعارف کردہ آباد کے سماجی پروگرام کے تحت20 ہزارکم لاگتی مکانات کے مجوزہ منصوبوں کے لیے عوام کی جانب سے بے پناہ دلچسپی دیکھنے میں آئی اوران تین دنوں میں70 ہزار سے زائد شہریوں کی درخواستیں موصول ہوئیں، ایکسپومیں شرکت کرنے والے ہرعام آدمی نے کم لاگتی مکانات کے اسکیم میں شامل ہونے کے لیے ایکسپوسینٹرمیںقائم''روزنامہ ایکسپریس'' کے اسٹالز پرفارمز حاصل کرنے کی کوششوں میں مصروف رہے۔

اس موقع پرآباد کے چیئرمین محسن شیخانی نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ نمائش میں مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والی سرکردہ شخصیات کے علاوہ عوام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی، اس بار کاروباری معاہدوں کے حجم میں کمی کی وجوہات بیان کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ ملک میں غیریقینی سیاسی صورتحال اس کی بڑی وجہ ہے تاہم کینیڈا کی ایک ہوٹلنگ کمپنی نے کراچی اور اسلام آباد میں ہالی ڈے ان ایکسپریس کے نام سے ہوٹل قائم کرنے کے لیے100 ارب روپے کا معاہدہ کیا ہے جبکہ سرامکس انڈسٹری کے حوالے ایک کمپنی50 ارب روپے کا معاہدہ کیا ہے۔

محسن شیخانی نے بتایا کہ برطانیہ کی ایک بڑی سرمایہ کار کمپنی بھی پاکستان کھربوں روپے مالیت کی سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہے لیکن وہ غیریقینی سیاسی حالات کی وجہ سے فی الحال رک گئی ہے، انھوں نے بتایا کہ ہائی رائزبلڈنگز پر پابندی کے باعث122 منصوبے رک گئے ہیں، انھوں نے بتایا کہ آباد کا اگرلوکاسٹ ہاؤسنگ کا پائلیٹ پروجیکٹ کامیابی سے ہمکنار ہوا تو آباد اپنے سماجی پروگرام کو توسیع دیتے ہوئے مرحلہ واربنیادوں 2 لاکھ کم قیمت گھروں کی منصوبہ بندی بھی کرے گا۔

واضح رہے کہ اس تین روزہ نمائش میں225 ارب روپے مالیت کے کاروباری معاہدے طے پائے۔

مقبول خبریں