پیکس ختم اورچیف کلکٹرزکسٹمزکی تعداد بڑھانے کا فیصلہ

کسٹمزکو4زون میں تقسیم کرکے سینئرافسر چیف کلکٹرزتعینات کیے جائیں گے،ذرائع


Ehtisham Mufti February 14, 2013
ایف بی آر نے کسٹمزپیکس کلکٹریٹ کو ختم کرکے اپریزمنٹ ون، اپریزمنٹ ٹواوراپریزمنٹ تھری قائم کرنے کی حکمت عملی وضح کرلی ہے۔ فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیونے پیکس کلکٹریٹ کے خاتمے اورچیف کلکٹرزکی تعدادمیں اضافے کا فیصلہ کرلیاہے۔

محکمہ کسٹمز کے باخبرذرائع نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ ایف بی آر نے کسٹمزپیکس کلکٹریٹ کو ختم کرکے اپریزمنٹ ون، اپریزمنٹ ٹواوراپریزمنٹ تھری قائم کرنے کی حکمت عملی وضح کرلی ہے جس کے تحت درآمدی وبرآمدی کنسائمنٹس کی کلیئرنس کی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر حکام محکمہ کسٹمزمیں نئی آسامیاں پیدا کر رہے ہیں جس کے تحت چیف کلکٹرکے عہدے کو 4 حصوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے، نئی حکمت عملی کے تحت چیف کلکٹر اپریزمنٹ (سائوتھ)، چیف کلکٹرانفورسمنٹ (سائوتھ)، چیف کلکٹرنارتھ اور چیف کلکٹرسینٹرل کے نئے عہدوں پرسینئرافسران کی تقرریاں کی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق چیف کلکٹر اپریزمنٹ (سائوتھ)کی زیرنگرانی ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ اپریزمنٹ ون کراچی، ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ اپریزمنٹ ٹو کراچی، ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ اپریزمنٹ تھری کراچی اور ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ پورٹ بن قاسم کے درآمدی وبرآمدی کنسائنمنٹس کی کلیئرنس کے معاملات حل کیے جائیں گے، چیف کلکٹرانفورسمنٹ سائوتھ ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ ایکسپورٹ کراچی، ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ ایکسپورٹ پورٹ بن قاسم کراچی، ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ پریونٹیوکراچی، ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ حیدرآباد، ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ کوئٹہ اورماڈل کسٹمزکلکٹریٹ گوادرکے درآمدی وبرآمدی کنسائنمنٹس کے معاملات حل کیے جائیں گے۔

ذرائع نے بتایاکہ چیف کلکٹر نارتھ کی زیرنگرانی ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ پشاور، راولپنڈی سمڑیال، گلگت بلتستان اور ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ اینٹی اسمگلنگ کے معاملات حل کیے جائیں گے جبکہ چیف کلکٹرسینٹرل کوماڈل کسٹمزکلکٹریٹ اپریزمنٹ لاہور، ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ پریونٹیولاہور، ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ ملتان اورماڈل کسٹمز کلکٹریٹ فیصل آبادکی ذمے داریاں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ اپریزمنٹ ون کراچی سے تمام آف ڈاک ٹرمینل کے درآمدی کنسائمنٹس کی کلیئرنس کی جائے گی، ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ اپریزمنٹ ٹو کراچی سے ایسٹ وہارف اورپاکستان انٹرنیشنل کنٹینرزٹرمینل (پی آئی سی ٹی) کے درآمدی کنسائنمنٹس کی کلیئرنس کی جائے گی جبکہ ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ اپریزمنٹ تھری کراچی سے ویسٹ وہارف اورکراچی انٹرنیشنل کنٹینرز ٹرمینل کے درآمدی کنسائنمنٹس کلیئرکیے جائیں گے۔

مقبول خبریں