بنگلہ دیش لیگ؛اس بارکم پاکستانی کرکٹرزشرکت کرسکیں گے

سلیم خالق  جمعرات 17 اگست 2017
سابقہ فکسنگ تنازع کے سبب اہم پلیئرز کو ایونٹ سے دور رکھا جائے گا،ذرائع

سابقہ فکسنگ تنازع کے سبب اہم پلیئرز کو ایونٹ سے دور رکھا جائے گا،ذرائع

 کراچی:  بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں اس بارکم پاکستانی کرکٹرز  شرکت کر سکیں گے، پی سی بی صرف 3 یا 4 زیر معاہدہ کرکٹرز کو ہی این او سی جاری کرنے پر غور کر رہا ہے، البتہ ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

حکام کا خیال ہے کہ اب ہر ملک اپنی لیگ کرانے لگا اگر پلیئرز سب میں حصہ لیں تو آرام کب کریں گے، دوسری جانب ذرائع کے مطابق سابقہ فکسنگ تنازع کی وجہ سے اہم پاکستانی کرکٹرز کو ایونٹ سے دور رکھا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق بی پی ایل کا پانچواں ایڈیشن 2 نومبر کو شروع ہوگا، اب تک کئی پاکستانی کرکٹرز مختلف ٹیموں میں شامل ہو چکے ہیں، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں فتح کے بعد ان کی ڈیمانڈ خاصی بڑھ چکی ہے، کپتان سرفراز احمد کھلنا ٹائیگرز میں شاداب خان اور جنید خان کے ساتھ موجود ہیں، پی سی بی اس صورتحال سے باخبر اور محدود تعداد میں این او سی دینے پر غور کرنے لگا، بورڈ ذرائع کے مطابق صرف 3 یا 4 زیرمعاہدہ کرکٹرز کو ہی بنگلہ دیش جانے کی اجازت دی جائے گی، اس کی وجہ کام کا دباؤ کم کرنا ہے۔

اب  بیشتر ملک اپنی ٹی ٹوئنٹی لیگ کرا رہے ہیں اگرکھلاڑی سب کھیلنے لگے تو آرام کب کریں گے، دوسری جانب آزاد ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصلے کی وجہ سابقہ ایونٹ سے جڑے سابقہ فکسنگ تنازعات ہیں، گزشتہ برس اس لیگ میں14 پاکستانی کرکٹرز نے حصہ لیا، ان میں ناصر جمشید بھی شامل تھے جو پی ایس ایل فکسنگ کیس کے اہم کردار قرار دیے جا رہے ہیں، ڈھاکا میں بعض پاکستانی کھلاڑیوں کو مبینہ بکیز سے بھی ملوایا گیا،ایک کھلاڑی کے کمرے سے اینٹی کرپشن یونٹ نے بکیز کی آلہ کار لڑکی کو بھی باہر نکالا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔