اطلاعات کی فراہمی کیلیے بورڈ کا سوشل میڈیا پر انحصار

ورلڈالیون سے سیریز کا کاؤنٹ ڈاؤن کلاک نصب کرتے ہوئے مقامی صحافی نظر انداز


Sports Reporter/Abbas Raza September 02, 2017
اس ایونٹ کے حوالے سے مقامی میڈیا کو کوئی اطلاع دینے سے گریز کیا گیا۔ فوٹو: فائل

پی سی بی اطلاعات کی فراہمی کیلیے سوشل میڈیا پر انحصار کرنے لگا۔

پاکستان اور ورلڈ الیون کے مابین قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول 3ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا مقابلہ 12ستمبر کو ہوگا، دیگر میچز 13اور 15ستمبر کو کھیلے جائیں گے، مہمان ٹیم میں اسٹار کرکٹرز موجود ہونے کی وجہ سے شائقین میں خاصا جوش و خروش پایا جاتا ہے۔

کاؤنٹ ڈاؤن کا آغاز مارکیٹنگ کے لحاظ سے بھی بڑی اہمیت کا حامل ہوتا ہے لیکن جمعرات کو پی سی بی نے اچانک دونوں کپتانوں سرفراز احمد اور فاف ڈوپلیسی کی تصاویر سے مزین کلاک قذافی اسٹیڈیم میں صدر دروازے کے قریب نصب کردی، اس ایونٹ کے حوالے سے مقامی میڈیا کو کوئی اطلاع دینے سے گریز کیا گیا، صحافیوں نے شکوہ کیا کہ کلاک کا بٹن دباتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی لاہور کے میڈیا کو بھی مدعو کرلیتے تو ایونٹ کی تشہیری مہم کو تقویت ملتی۔

یاد رہے کہ کاؤنٹ ڈاؤن کیلیے مختصر تقریب کا انعقاد کرتے ہوئے پی سی بی کا مارکیٹنگ ڈپارٹمنٹ پیش پیش رہا،بعد ازاں ایک فوٹیج سوشل میڈیا پر جاری کرتے ہوئے غیر روایتی انداز میں صحافیوں کو اطلاع کرنے کا فرض پورا کرلیا گیا۔ ایک عرصے بعد ملک میں کسی ایونٹ کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع کرتے ہوئے کوئی پریس ریلیز جاری کرنا بھی ضروری خیال نہیں کیا گیا۔

یاد رہے کہ قومی کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ نتائج سمیت مختلف خبریں سوشل میڈیا کے ذریعے ہی سامنے آتی رہی ہیں،گزشتہ 3سال کے دوران چیئرمین پی سی بی شہریار خان کی موجودگی میں بھی نجم سیٹھی کئی ''بریکنگ نیوز'' خود ہی ٹویٹر پر جاری کردیتے تھے۔