بینظیر قتل کیس کے فیصلے کیخلاف اپیل کرینگے، آصف زرداری

نامہ نگار  منگل 5 ستمبر 2017
خواجہ اظہارپرحملے کی تفصیل حاصل کی، نوابشاہ میں وزیراعلیٰ سندھ،ناصرشاہ ،کھوڑوکی ملاقات۔ فوٹو: صباح/فائل

خواجہ اظہارپرحملے کی تفصیل حاصل کی، نوابشاہ میں وزیراعلیٰ سندھ،ناصرشاہ ،کھوڑوکی ملاقات۔ فوٹو: صباح/فائل

نواب شاہ:  سابق صدر و پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے واضح کیا ہے کہ بینظیربھٹو قتل کیس کے فیصلے سے ہم مطمئن نہیں ہیں، ججز نے خوف اور دباؤ میں آکر فیصلہ سنایا ہے، اس لیے فیصلہ قبول نہیں ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے نماز عید، زرداری ہاؤس نوابشاہ میں ادا کی اور عید الضحیٰ کے روز زرداری ہاؤس میں ملاقات کے لیے آنے والے پارٹی عہدیداران و کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بینظیر بھٹو قتل کیس کے فیصلے کے خلاف اپیل میں سپریم کورٹ جائیں گے، آصف زرداری نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ عام انتخابات کی تیاری کریں۔ اس موقع پرانھوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار پر کیے گئے حملے کی تفصیلات صوبائی وزیر داخلہ سے فون پر حاصل کیں۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی سربراہی میں صوبائی وزرا سید ناصرعلی شاہ اور نثار کھوڑو نے زرداری ہاؤس نواب شاہ میں  شریک چیئرمین  پیپلزپارٹی آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر آصف  زرداری نے وزیراعلی ٰ کو ہدایت کی کہ وہ سندھ حکومت کی کارکردگی کو میڈیا میں اجاگرکریں اور میڈیا سے بہتر تعلقات رکھیں۔ پیپلزپارٹی اب آر اوز الیکشن نہیں ہونے دے گی، 2018کے عام انتخابات میں پیپلزپارٹی کا مقابلہ شیر اور بیٹ سے ہوگا اورانشا اللہ ملک بھر سے پی پی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر حکومت بنائے گی۔

دریں اثنا آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی کے علیل رہنما و سابق ضلعی ناظم عبدالحق جمالی کی تاج کالونی میں واقع رہائش گاہ پہنچ کر عیادت کی۔اور کہا کہ عبدالحق کا علاج جہاں سے ہوسکے کرایا جائے سارے اخراجات میں ادا کروں گا،  بعد میں آصف علی زرداری نے ایم این اے سید غلام مصطفی شاہ سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی۔

قبل ازیں آصف علی زرداری اپنی بیٹی بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ درگاہ سخی جام داتار پہنچے چادر چڑھائی اور دعا کی جس کے بعد وہ پریتم آباد میں واقع اپنے فارم ہاؤس پہنچے جہاں انھوں نے اپنے گھوڑوں، اونٹ و دیگر پالتو جانوروں کو دیکھا اور اپنے ہاریوں سے ملاقات کی۔ پھر واپس نواب شاہ پہنچے آصف علی زرداری نے پارٹی عہدیداران و کارکنوں کے اعزاز میں زرداری ہاؤس میں عید ملن ڈنر کا اہتمام کیا ، آصف علی زرداری نے نوابشاہ کے قریب بالو جا قبہ جا کر اپنے والدین کی قبروں پر فاتحہ خوانی بھی کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔