بورڈ کی بلیک میلنگ آفریدی کا جھکنے سے انکار

تیسرے ٹی20 میں گراؤنڈ کا راؤنڈ تقریب میں شرکت سے مشروط کرنے پر ناراض


Saleem Khaliq September 15, 2017
پی سی بی نے آفریدی، یونس خان اور مصباح الحق کو 14 ستمبر کو ایک تقریب میں خراج تحسین اداکرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ فوٹو: فائل

سابق کپتان شاہد آفریدی نے پی سی بی کی بلیک میلنگ کے آگے جھکنے سے صاف انکار کر دیا۔

آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے گزشتہ برس کرکٹ بورڈ سے درخواست کی تھی کہ انھیں الوداعی میچ کھیلنے کا موقع دیا جائے، مگر ان کی بات ماننے سے انکار کر دیا گیا، اس کے بعد گزشتہ دنوں انھیں ورلڈ الیون میں شامل کرنے کی تجویز سامنے آئی تو چیئرمین نجم سیٹھی نے اسے مسترد کرتے ہوئے کہاکہ سابق کپتان خود انکار کر چکے لہذا انھیں الوداعی میچ نہیں کھلا سکتے۔

پی سی بی نے آفریدی، یونس خان اور مصباح الحق کو 14 ستمبر کو ایک تقریب میں خراج تحسین اداکرنے کا فیصلہ کیا تھا، حکام کے رویے سے نالاں یونس نے انکارکردیا، دوسری جانب آفریدی نے بھی کہا کہ وہ افغان لیگ کی وجہ سے نہیں آ سکیں گے، پھر وہ آخری لمحات میں ایونٹ سے دستبردار ہوئے اور ورلڈالیون کا پہلا میچ دیکھنے لاہور پہنچ گئے تاہم اس سے یہ امکان ظاہر ہوا کہ وہ تقریب میں بھی جائیں گے مگر ایسا نہیں ہو سکا۔

اس حوالے سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق پی سی بی سے شاہد آفریدی کو گزشتہ دنوں فون کر کے کہا گیا تھا کہ وہ فیئرویل نہیں چاہتے تو اپنے ملکی شائقین کے سامنے گرائونڈ کا رائونڈ لگا کر سپورٹ پر شکریہ ادا کریں، وہ اس پر آمادہ ہو گئے، مگر گزشتہ روز ایک اعلیٰ عہدیدار کا فون آیا کہ جمعرات کو تقریب میں آئو وہاں ہم ایوارڈ بھی دیں گے، پھر آج گراؤنڈ میں راؤنڈ والی بات پوری ہو گی، وہ اس پر نہ مانے اور تقریب میں شرکت نہ کی، اپنے ساتھ اس سلوک پر آفریدی خاصے ناراض ہیں۔