پاکستان اسٹیل کیلیے آسٹریلیا سے 55 ہزار ٹن خام لوہا پہنچ گیا

دوسرا جہاز ماریطانیہ اور تیسرا عمان سے خام لوہا پاکستان اسٹیل کو پہنچائے گا


Business Reporter February 22, 2013
پاکستان اسٹیل نے اپنی آمدنی سے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی بھی شروع کردی۔ فوٹو: فائل

پاکستان اسٹیل کے لیے آسٹریلیا سے 55ہزار میٹرک ٹن خام لوہے کا جہاز پاکستان اسٹیل جیٹی پر لنگر انداز ہوگیاہے، ادارے کی انتظامیہ نے پیداوار میں اضافے کے لیے خام مال کی کمی کو دور کرنے کی کوششوں کے سلسلے میں کئی ٹینڈرز جاری کیے جس کے نتیجے میں خام لوہے کا پہلا جہاز رواں سال پاکستان اسٹیل پہنچ گیا ہے، انتظامیہ نے 55ہزار میٹرک ٹن خام لوہے کے لیے سنگاپوری کمپنی کارگل انٹرنیشنل سے معاہدہ کیا اور83 لاکھ ڈالر کی ایل سی کھولی۔

ترجمان پاکستان اسٹیل کے مطابق درآمدی خام لوہے کی آمد اور اس میں تسلسل سے پاکستان اسٹیل کے پیداواری عمل میں بہتری آئے گی جس کے لیے مزیدٹینڈرز کی کارروائی تکمیل کے مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ طے شدہ معاہدوں کے نتیجے میں مزید درآمدی خام لوہے کی آمد متوقع ہے جبکہ مقامی ذرائع سے بھی خام لوہا کامیابی سے بروئے کار لایا جا رہاہے۔



پاکستان اسٹیل نے اوپن ٹینڈر میں حصہ لینے والی غیر ملکی کمپنیز سے 3 معاہدے کیے ہیں، ہر ٹینڈر میں 50 سے 55 ہزارمیٹرک ٹن آئرن اوور (فائن اور لمپ) مانگا گیا، اس طرح کل ڈیڑھ لاکھ میٹرک ٹن سے زائد خام لوہا پاکستان اسٹیل کو حاصل ہو سکے گا جس کی پاکستان اسٹیل کو اس وقت اشد ضرورت ہے، مذکورہ 3 معاہدے سنگاپور کی 2 کمپنیز کارگل انٹرنیشنل اور سوئس سنگاپور سے کیے گئے جن میں سے کارگل انٹرنیشنل کے ساتھ پہلا معاہدہ 55 ہزار میٹرک ٹن خام لوہے کا ہوا جس نے آسٹریلیا کی کانوں سے خام لوہا نکال کرپاکستان اسٹیل پہنچادیا، اسی طرح کارگل انٹرنیشنل سے دوسرا معاہدہ بھی مکمل ہوا ہے۔

جس کی ایل سی کھلنے کے بعد دوسرا جہاز ماریطانیہ سے پاکستان اسٹیل جیٹی کیلیے روانہ ہوگا جبکہ تیسرا 55 ہزار ٹن کا معاہدہ سوئس سنگاپور سے ہوا ہے ،کاغذی کارروائیوں کی تکمیل اور ایل سی کھلنے کے بعد سوئس سنگاپور مسقط عمان کی کانوں سے خام لوہا پاکستان اسٹیل کو پہنچائے گی، پاکستان اسٹیل نے اپنی مصنوعات کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی سے تنخواہوں کی ادائیگی کا مرحلہ شروع کردیا ہے اور ملازمین کو تنخواہوں کی پے سلپ جاری کر دی جائیں گی۔