بھارت میں برانچ کیلیے اجازت کا انتظار ہے صدر نیشنل بینک

این پی ایلز بڑھے نہ قرضے معاف کرنے کی پالیسی کو اپنایا، آصف بروہی، صحافیوں سے گفتگو


Business Reporter February 23, 2013
این پی ایلز بڑھے نہ قرضے معاف کرنے کی پالیسی کو اپنایا، آصف بروہی، صحافیوں سے گفتگو فوٹو : فائل

نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر ڈاکٹر آصف بروہی نے کہا ہے کہ نیشنل بینک کو عوام کے بینک اور مسکراہٹ کا نیا سلوگن دیاجارہا ہے جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے جلد ہی نیشنل بینک کو عام آدمی کا بینک بنا دیا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے پاکستان ٹیکسٹائل سٹی کے چیئرمین ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ کی جانب سے دیے گئے عشائیے کے موقع پرصحافیوں سے بات چیت کے دوران کہی۔ ڈاکٹرآصف بروہی نے بتایا کہ نیشنل بینک کے غیر فعال قرضوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، نیشنل بینک عوام کو قرضوں کی فراہمی سمیت زرعی، پولٹری، مائیکروفنانس اورکارپوریٹ سیکٹرز کو نئی پروڈکٹ کی صورت میں قرضوں کی فراہمی کررہا ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل بینک آ ف پاکستان تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے اور بیرونی ممالک میں بھی اپنی برانچوں میںاضافہ کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دوشنبے میں نیشنل بینک آف پاکستان کی برانچ قائم ہونے کے باعث وسط ایشیا کی تمام ریاستوں تک بینکاری خدمات صرف نیشنل بینک ادا کررہا ہے جبکہ بھارت کے شہر دہلی یا ممبئی میں نیشنل بینک کی نئی برانچ قائم کرنے کے لیے بھارتی سینٹرل بینک کو آگاہ کردیا ہے، نیشنل بینک کی انتظامیہ اب بھارتی حکومت کی اجازت نامے کے منتظر ہے جس کے بعد بھارت کے کسی بھی شہر میںنیشنل بینک کی برانچ قائم کردی جائے گی جس سے پاکستان اور بھارت کے مابین تجارت کومزید فروغ حاصل ہوگا اور دونوں ممالک کے مابین بینکنگ چینل بھی قائم ہوجائیگا۔



انہوں نے کہا کہ نیشنل بینک کو پاکستان کے بہترین اور بہت مضبوط ترین بینک کا اعزاز بھی حاصل ہے اور ملک کودرپیش چیلنجوں میں بھی اپنا کرداراداکررہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹرآصف بروہی نے کہا کہ نیشنل بینک آف پاکستان نے قرضے معاف کرنے کی پالیسی کو نہیں اپنایا بلکہ قرضوں کی وصولی کے لیے باقاعدہ میکنزم کے تحت سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینک کے عوامی اور مسکراہٹ کے نئے سلوگن کے تحت عوام کا بینک میں مسکراہٹ کے ساتھ استقبال کیا جائے، نیشنل بینک ملک کا پہلا بینک ہے جس نے سب سے پہلے مائیکروفنانس کا آغاز کیا ہے۔

اس موقع پرٹیکسٹائل سٹی کے چیئرمین ڈاکٹر مرزااختیاربیگ نے استقبالی کلمات اداکرتے ہوئے کہا کہ نیشنل بینک آف پاکستان کوقومی بینک کا اعزاز ہونے کے باعث تاجروصنعتکاروں کے ساتھ عوام کو بھی بے شمار توقعات وابستہ ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹرآصف بروہی کو نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر کے عہدے پرتقرری کے فیصلے کاخیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ڈاکٹرآصف بروہی کی قابلیت اوردیرینہ تجربے کی بنیاد پرقومی نوعیت کی ذمے داری سونپی ہے جو اپنے تجربے اور مہارت کے بل بوتے پرمختصر مدت میں نیشنل بینک کو کامیابیوں کی نئی راہوں پرگامزن کردینگے۔

مقبول خبریں